اٹھارویں ترمیم ، این ایف سی ایوارڈ، بلوچستان پیکیج ، سوات سے دہشت گردوں کا خاتمہ کر کے پرچم پاکستان سر بلند کرنا ریاست کی رٹ کو قائم کرنا آئین کی سربلندی پاکستا ن پیپلزپارٹی کی جمہوری حکومت کے نمایاں کارنامے ہیں ، آئین میں کی گئی آمرانہ پیوند کاریاں ختم کی گئیں

پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری کا آصف علی زرداری کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب

جمعرات 27 جولائی 2017 21:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جولائی2017ء) سابق چیئرمین سینیٹ و مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلزپارٹی سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم ، این ایف سی ایوارڈ، بلوچستان پیکج ، سوات سے دہشت گردوں کا خاتمہ کر کے پرچم پاکستان سر بلند کرنا ریاست کی رٹ کو قائم کرنا آئین کی سربلندی پاکستا ن پیپلزپارٹی کی جمہوری حکومت کے نمایاں کارنامے ہیں ، آئین میں کی گئی آمرانہ پیوند کاریاں ختم کی گئیں ۔

جمعرات کو پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی دفتر میں سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی مفاہمتی پالیسی کے ذریعے وفاق اور صوبوں کے درمیان مثالی تعلقات قائم ہوئے، سیاسی و پارلیمانی قوتوں میں ہم آہنگی کے ذریعے پارلیمنٹ پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا ۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری کی صدارت میں پاک چین اقتصادی راہداری اور پاک ایران گیس معاہدات بڑی قومی خدمات ہیں ۔ سید نیئر حسین بخاری نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کے وقار ،آئین کی بالادستی پیپلزپارٹی کی ترجیع رہے گی ۔اور پاکستان پیپلزپارٹی جمہوریت کی مضبوطی اور حقیقی سیاسی ماحول کی اصل حالت میں بحالی کیلئے کوشاں رہے گی ۔ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلزپارٹی عوامی قوت سے پھر اقتدار حاصل کرے گی ۔

کارکن انتخابات کی تیاریاں کریں ۔انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کی لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف ناقابل تردید ثبوتوں ، شہادتوں ، شوائد ، مواد حاصل کرنے کیلئے سرکاری خزانے سے بھاری اخراجات ہوئے ۔ پوری اُمید ہے کہ جے آئی ٹی اور سپریم کورٹ میں پیش کردہ مواد اور شوائد پر سپریم کورٹ سے انصاف کا بول بالا ہوگا اور سیاست کو تجارت بنانے والا عوام دشمن گروہ اپنے گارڈ فادر کے ہمراہ ہمیشہ کیلئے سیاست سے آئوٹ ہوگا ۔

سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ پا رلیمنٹ کو اختیار واپس کرنا آصف علی زرداری کی حکومت کا جمہوری کارنامہ ہے۔تقریب میںمرکزی سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری ، سینیٹر فرحت اللہ بابر ، فوزیہ حبیب ،ملک حاکمین نے پارٹی کارکنوں و عہدیداروں کے ہمراہ سابق صدر آصف علی زرداری کی سالگرہ کا کیک کاٹا اور آصف علی زرداری کی درازی عمر کیلئے دعا بھی کی۔

تقریب میں سابق ممبر قومی اسمبلی فوزیہ حبیب ، انچارج سینٹر ل سیکرٹری عامر فدا پراچہ ، سابق سینیٹر ملک حاکمین خان ، ڈویژنل جنرل سیکرٹری راجہ خرم پرویز، ضلع اسلام آباد پارٹی کے صدر راجہ شکیل ،جنرل سیکرٹری راجہ امجد ، اسلام آباد شہر کے صدر افتخار شہزادہ ،ضلع راولپنڈی کے صدر چوہدری ظہیر ، ضلعی جنرل سیکرٹری توقیر عباسی ، راولپنڈی سٹی کے صدر سلطان بابر جدون ، جنرل سیکرٹری چوہدری افتخار ، خالد نواز بوبی ، حاجی ظفراللہ ، عبدالرحمن مرزا اور عہدیداروں و کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔