راولپنڈی ، ٹریفک وارڈنز نے مبینہ تشددکرتے ہوئے معمر خاتون اور اس کے طالبعلم بیٹے سمیت تینوں بیٹوں کو تھانے منتقل کر دیا

خاتون شوہر کوسعودی عرب روانگی کرنے کے لئے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائر پورٹ پر آئی تھی

جمعرات 27 جولائی 2017 21:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جولائی2017ء) شوہر کوسعودی عرب روانگی کرنے کے لئے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائر پورٹ پرالوداع کرنے کے لئے آنے والی ایبٹ آباد کی خاتون اور اس کے بیٹوںپر ٹریفک وارڈنز نے مبینہ تشددکرتے ہوئے معمر خاتون اور اس کے طالبعلم بیٹے سمیت تینوں بیٹوں کو تھانے منتقل کر دیا جہاں پر خاتون کے دو بیٹوں کے خلاف کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کر لیا گیا تشدد کے دوران بیٹوں کو چھڑانے کی کوشش میں وارڈنز کی کھینچا تانی میںخاتون کی قمیص پھٹ گی جبکہ خاتون کے بڑے بیٹے کو دائیں بازو اور پسلی میں شدید ضربات لگیں مسماة نسیم بی بی کے مطابق وہ اپنے بیٹوں بلاول ، سجاول اور نعمان کے ہمراہ اپنے شوہر حاجی اختر کو سعودی عرب کے لئے روانہ کرنے کی غرض سے ایبٹ آبا دسے اسلام آباد ائر پورٹ پہنچے جہاں پر اس کے شوہرنے شاہین ائر لائن کی پرواز این ایل 1029کے ذریعے 12بجکر40منٹ پر سعودی عرب کے لئے روانہ ہونا تھا تاہم ائرپورٹ کے مرکزی داخلی راستے پر انہیں ڈیوٹی پر تعینات کاظم نامی وارڈن نے روکا اور کاغذات طلب کئے تمام کاغذات دکھانے کے باوجود وارڈن نے جواز بنایا کہ گاڑی کی ایک نمبر پلیٹ کمپیوٹرائزڈ نہیں ہے جس پرمذکورہ خاندان نے ٹریفک پولیس کو بتایا کہ فلائیٹ کا وقت ہوگیا ہے لیکن وارڈن کے چالان کرنے پر مذکورہ فیملی نے استدعا کی کہ ہم چونکہ ایبٹ آباد سے آئے ہیں اور یہاں سے واقف نہیں لہٰذا ہم جرمانہ یہیں ادا کرتے ہیں آپ چالان چٹ جمع کروا دیں جس پر معاملہ تو تکرار تک آگیا اور کاظم نے دیگر وارڈنز کمال ،کامران اور افضل کے ہمراہ اس کے بیٹوں پر جھگڑا شروع کر دیا اور گاڑی کو لاتیں ماریں اس دوران میں اور میراشوہر جھگڑا چھڑانے اور معاملہ نمٹانے کی کوشش کرتے رہے لیکن وارڈنز نے ایک نہ سنی، پرواز کا وقت ہوجانے سے اس کے شوہر کو ائر پورٹ جانے دیا گیا لیکن بعد ازاں مجھے بیٹوں سمیت ائر پورٹ تھانے منتقل کر دیاخاتون کے چھوٹے بیٹے نعمان نے خدشہ ظاہر کیا کہ وارڈنز کے تشدد سے اس کے بڑے بھائی کا بازو ٹوٹ گیا ہے اور شدید تکلیف کے باوجود ائر پورٹ پولیس نہ ہماری بات سننے کو تیار ہے اور نہ ہی بڑے بھائی کو میڈیکل کے لئے ہسپتال بھجوایا گیا اس دوران میری والدہ کی قمیص بھی پھٹ گئی ادھر کمال نامی وارڈن نے ائر پورٹ پولیس کو مقدمے کے اندراج کے لئے درخواست دے دی جبکہ کمال نے آن لائن کو بتایا کہ ہم نے الجھائو سے بچنے کی حتی الوسع کوشش کی لیکن مذکورہ خاندان خود دست وگریبان ہواجس پر ہمیں ائر پورٹ پولیس سے رجوع کرنا پڑا جھگڑے کے حوالے سے وارڈن نے کہا کہ واقعہ کی تمام ریکارڈنگ گیٹ پر لگے کلوز سرکٹ کیمروں میں موجود ہے ادھر ائرپورٹ پولیس نے کمال نامی وارڈن کی درخواست پر خاتون کے 2بیٹوں بلاول اور سجاول کے خلاف 186اور506کی دفعات کے تحت مقدمہ نمبر742درج کر لیا ہے ۔