بلوچستان میں آزادی کے نام پر بیگناہ لوگوں کا قتل کرنیوالوں کو معافی دینے کی بجائے سرعام پھانسی پرلٹکایا جائے

بھارت ودیگر پاکستان دشمن ممالک کے ایجنٹ کسی صورت یہاں کے عوام کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے ، بلوچستان میں برادراقوام کو لڑانے کی سازشیں ناکام بنادیں گے، نوابزادہ میر سراج رئیسانی ،میر عاصم کرد گیلو ،حاجی علی مدد جتک و دیگر کا تعزیتی ریفرنس سے خطاب

ہفتہ 29 جولائی 2017 16:52

بلوچستان میں آزادی کے نام پر بیگناہ لوگوں کا قتل کرنیوالوں کو معافی ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2017ء) بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کے رہنماوں ،قبائلی عمائدین اور معتبرین نے کہا ہے کہ بلوچستان میں آزادی کے نام پر بے گناہ لوگوں کا قتل عام کرنے والوں کو عام معافی نہ دی جائے بلکہ انہیں سرعام پھانسی پرلٹکایا جائے بھارت اوردیگر پاکستان دشمن ممالک کے ایجنٹ کسی بھی صورت یہاں کے عوام کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے اور بلوچستان میں برادراقوام کو لڑانے کی سازشیں ناکام بنادیں گے ،بلوچستان میں بے گناہ لوگوں کو قتل کرنے والوں کے سہولت کار آج حکومت میں ہیں اس لئے ان پر کوئی ہاتھ ڈالنے والا نہیں ہے ۔

پاک فوج رد الفساد کے تحت دہشت گردوں کے سہولت کاروں کیخلاف بھی کارروائی کرے،شہید میر حقمل رئیسانی نے بلوچستان کے عوام کے حقوق کیلئے جان کی قربانی دی ہے اور انکی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار بلوچستان متحدہ محاذ کے چیئرمین نوابزادہ میرسراج رئیسانی ، رکن صوبائی اسمبلی میر عاصم کرد گیلو،پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک ،جمعیت علماء اسلام کے رہنما سردار نوراحمد بنگلزئی ،میر جان محمدلہڑی،متحدہ محاذ وائس چیئرمین شمس مینگل ،سردار محمد خان خجک ،صدیق اچکزئی،ماما غلام رسول رئیسانی ،گل افغان بڑیچ ،میر حیدربنگلزئی،میرنعمت مری ،جیلانی خان بڑیچ اور ظہور رئیسانی نے شہیدنوابزادہ میر حقمل رئیسانی کی 6برسی کے موقع پر سراوان ہاوس میں منعقدہ تعزیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

بلوچستان متحدہ محاذ کے چیئرمین نوابزادہ میر سراج رئیسانی نے کہا کہ میرے اپنوں نے مجھے راستے میں چھوڑد یا، 6سال سے آپ لوگ جو محبت دے رہے ہو وہ قابل تعریف ہے یہ برسی نہیں کیونکہ شہید کبھی مرتا نہیں اور میں شہیدوں کا وارث ہوں اس ملک پر ہزاروں میر حقمل قربان ہوں، انہوں نے کہا کہ ملک کے دفاع کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑیں گے ہم قربانی پر قربانی دے رہے ہیں مگر تم لوگ بیرون ملک بیٹھ کر بلوچستان کے حقوق کے نام پر جو کچھ کر رہے ہو بلوچستان کے عوام اب اچھی طرح جان چکے ہیںاور بلوچستان میں بے گناہ مہمانوں ،مزدوروں ، سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو شہید کرکے ملک دشمن عناصر سے آپ جو پیسے لیکرعیاشی کر رہے ہوں اس سے عوام بخوبی آگاہ ہوچکے ہیں ایس ایم ایس پرجرگے کرنے والے کبھی جرگے نہیں کرسکتے سراوان ہاوس آنے سے کوئی کسی کو نہیں روک سکتا۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی فنکاروں سے کہتا ہوں کہ بس کروں اگر ہم نے زبان کھولی تو وہ کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے اس دل میں بہت سے راز دفن ہیں جب انتخابات قریب آتے ہیں تو قبائلی فنکار سرگرم ہوتے ہیں ہم کس کا جرگہ بلائیں یہی لوگ لوگوں کو آپس میں لڑارہے ہیں ۔انہوں نے مجھے ایک شہیدباپ کا بیٹا،ایک شہید کا بھائی اورایک شہید کا والد ہوں جس پر مجھے فخر ہے۔

رکن بلوچستان اسمبلی میرعاصم کرد گیلو نے کہا کہ سرااوان ہاؤس نے ہمیشہ سچ کا ساتھ دیا ہے نوابزادہ میر سراج خان رئیسانی اور شہید نوابزادہ میر حقمل رئیسانی نے ملک کی بقاء اور بلوچستان کے عوام کے حقو ق اور خوشحالی کیلئے ہمیشہ جدوجہد کی جس کی پاداش میں ملک دشمن عناصر نے نوابزادہ میر حقمل رئیسانی کو شہید کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ حق و سچ کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے۔

پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ شہید میر حقمل رئیسانی کی چھٹی برسی کے موقع پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں میر حقمل رئیسانی نے بلوچستان کے عوام کے حقوق کیلئے قربانی دی ہے اور ہمیں انکی قربانی پر فخر ہے مگر افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ ملک اورقوم کیلئے جان کا نذرانہ دینے والوں کو دیوار سے لگایا جارہا ہے جبکہ قاتلوں کو قومی دھارے میں شامل کرکے گلے سے لگایا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چھ سال گزرنے کے باوجود شہید میرحقمل رئیسانی کے کیس کو فوجی عدالت میں اس لئے نہیں بھیجا گیا کیونکہ آج جو لوگ حکومت میں شامل ہیں وہ قاتلوں کے سہولت کار ہیں ہمارا تعلق شہیدوں کی پارٹی سے ہے شہیدوں کے خون کا حساب لینا ہم پرقرض ہے اوراسکو ضرور لیا جائے گا ان غداروں جنہوں نے بے گناہ مزدوروں ،بچوں ، خواتین اور چینی انجینئرز کو نشانہ بنایا انہیں زم زم کے پانی سے کیسے صاف کیا جاسکتا ہے صرف ایک ڈھاڈری بندوق دینے سے خون معاف نہیں ہوسکتا جو کونسلری کی سیٹ نہیں جیت سکتے تھے انہیں ٹھپے لگاکر ایوان بھیجا جو آج ایوانوں میں بیٹھ کر ملک کے خلاف باتیں کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نفرت کی سیاست کرنے والے لندن اور دوبئی میں بیٹھ کر بلوچ کی نمائندگی کیسے کرسکتے ہیں یہ بلوچوں کے نمائندے نہیں بلکہ ہندوستان اور ملک دشمن عناصرکے نمائندے ہیں جو ان سے پیسے لیکر عیاشی کرتے ہیں اب انکی دہشت گردی نہیں چلے گی پاکستان پرست لوگ میدان میں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گوادرسی پیک منصوبے کو ناکام بنانے والے قوم پرست ایک بات پھر اکٹھے ہوگئے ہیں گوادر سی پیک کا منصوبہ سابق صدر آصف علی زرداری کے دور میں منظور ہوا اس منصوبے کی کامیابی سے بلوچستان کے 10لاکھ سے زائدبے روزگار نوجوانوں کوروزگار کے مواقع ملیں گے اور بلوچستان کا شمار دنیا کے امیر ترین اور ترقی یافتہ ممالک میں ہوگا اس لئے ہمیں چاہئے کہ ہم ملکر گوادر سی پیک منصوبے کی کامیابی کیلئے جدوجہد کریں اور ملک دشمن عناصر کے عزائم کو خاک میں ملادیں۔

تعزیتی جلسے سے دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید میرحقمل رئیسانی نے بلوچستان کے عوام کیلئے قربان دی انکی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی پاکستان توڑنے کی کوشش کرنے والوں کی تمام سازشیں ناکام بنادیں گے بھارت ،اسرائیل اور امریکہ پاکستان کے ازلی دشمن ہیں بلوچستان کے عوام اتنے ہی محب وطن ہیں جتنے دوسرے صوبوں کے لوگ ہیں ۔انہوں نے پاک فوج سے اپیل کی کہ وہ شہید میر حقمل رئیسانی کے قتل میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیس فوجی عدالت میں چلائے۔