حریت پسند رہنمائوں کا ٹہاب پلوامہ میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت

بھارت نے عالمی اداروں، اقوام عالم کے سامنے کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ کررکھاہے،سید علی گیلانی

پیر 31 جولائی 2017 11:33

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2017ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت پسندرہنمائوں اور تنظیموں نے ضلع پلوامہ کے علاقے ٹہاب میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندارخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے جموں و کشمیر میں انسانی زندگیوں کے اتلاف کا سلسلہ جاری ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تحریک حریت کے چیئرمین سید علی گیلانی نے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے جموں وکشمیر میں انسانوں کا خون بہہ رہا ہے اور یہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ۔

سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پٴْرامن مظاہرین پر بھارتی فورسز کی طرف سے تشدد اور پیلٹ گن کا استعمال کرکے درجنوں افراد کو زخمی کرنے کی شدید مذمت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت اور پاکستان باالعموم اور جموں وکشمیر کے عوام باالخصوص بھارت کے غیر حقیقت پسندانہ رویے، ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے مصائب کی دلدل میں پھنس چکے ہیں۔

حریت چیئرمین نے کہا کہ بھارت نے عالمی اداروں اور انصاف پسند اقوام کے سامنے کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دینے کا وعدہ کررکھاہے لیکن بھارت ان وعدوں سے مکر گیا اور پٴْرامن ذرائع سے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے بجائے طاقت کے ذریعے عوام کے مطالبہ آزادی کو دبانا چاہتاہے جس کی وجہ سے یہاں کے نوجوان سرفروشی کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ 70سال سے مسئلہ کشمیر کو پٴْرامن ذرائع اور بات چیت سے حل کرنے کا مطالبہ کرتے آئے ہیں لیکن بھارت نے اس کی طرف کوئی دھیان نہیں دیابلکہ بندوقوں کے دہانے کھول کر کشمیر کو انسانی خون سے لالہ زار بنادیا۔ تحریک حریت کا ایک وفد مدثر ندوی کی قیادت میں ٹہاب پلوامہ گیا جہاں انہوں نے شہید نوجوان کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

میرواعظ کی زیر قیادت حریت فورم نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوان اور ہماری نئی نسل اپنے غصب شدہ حقوق کی بازیابی اور انسانیت سوز مظالم کے خلاف برسر جدوجہد ہیں اور انتہائی مشکل حالات میں اپنی جانوں پر کھیل کر حریت اور قربانی کی ایک نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ کشمیر میں جاری خون خرابہ ، ماردھاڑ ،قتل و غارت اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کی اصل وجہ بھارتی حکومت کا جارحانہ رویہ ہے جس کی وجہ سے مسئلہ کشمیر ابھی تک معلق ہے اور کشمیری عوام سیاسی غیر یقینیت اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن نے شہریوں پر بھارتی فورسزکی یلغار کے دوران درجنوں شہریوں کو لہو لہان کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاجی مظاہرین کے خلاف گولیوں اور پیلٹ کا استعمال کیا گیا۔ ایسو سی ایشن نے انسانی لہو گرانے کا سلسلہ فوری طور پربند کرنے پر زوردیتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو عوامی خواہشات کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کیا۔

ادھرمسلم لیگ کے ایک وفدنے مہند بجبہاڑہ جاکر شوکت احمد میرکی نمازجنازہ میںشرکت کی۔وفد میں محمد امین ڈار، خورشید احمداور تصدق احمد ڈار شامل تھے۔ حریت رہنما ئوں فریدہ بہن جی، یاسمین راجہ، شبیر احمد ڈار ،بلال صدیقی ، محمد رمضان خان ،محمد اقبال میر، امتیاز احمد ریشی ، غلام نبی وار،انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن اونتو اورجموں وکشمیرسالویشن مومنٹ نے بھی شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔