بانی صدر ریاست غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

سردار ابراہیم خان کا ریاست میں ناقابل فراموش کردار ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا‘مقررین

پیر 31 جولائی 2017 14:45

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2017ء) جموں وکشمیر پیپلز پارٹی ضلع مظفرآباد کے زیر اہتمام بانی صدر ریاست غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی اس سلسلے میں ایک مقامی ہوٹل میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔جس کی صدارت جے کے پی پی ضلع مظفرآباد کے صدر سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی اجمل جلیل مغل نے کی ۔

تقریب میں مرحوم کی سیاسی ،سماجی اور قومی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے بلندی درجات کیلئے خصوصی اجتماعی فاتحہ خوانی کی گئی ۔تقریب سے مرکزی ڈپٹی چیف آرگنائزر سردار تسلیم احمد ،جے کے پی پی کے ضلعی صدر اجمل جلیل مغل ،کاشف میر،سینئر رہنما فریدون اعوان ،مرکزی ڈپٹی آرگنائزر سید آصف گیلانی ،ضلعی جنرل سیکرٹری سید مرتضیٰ گیلانی ،جے کے پی ایس او سٹی کے صدر زین بٹ،سردار نسیم احمد ،سردار قدیر ،نعیم قریشی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار تسلیم نے کہا کہ ہم سردار ابراہیم خان کے تربیت یافتہ سپاہی ہیں ۔آزاد خطے کیلئے ہمارے آبائو اجداد نے لازوال قربانیاں دیں ۔یہ ریاست ایسے میں آزاد نہیں ہوئی اس کی ایک لمبی داستان ہے ۔سردار ابراہیم خان کا ریاست میں ناقابل فراموش کردار ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔سردارابراہیم چار بار ریاست کے صدر رہے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے اپنی مرضی سے الحاق پاکستان کی قرارداد منظور کی تھی ۔الحاق پاکستان ہمارا نظریہ ہے اس کی سودے بازی نہیں کر سکتے ۔فاروق حیدر کا بیان قابل مذمت ہے ۔عوام کو اپنے کردار اور سوچ سے الحاق پاکستان کے ساتھ کرنا چاہئیے ۔نوجوان غلامی کی سوچ سے باہر نکلیں ۔ضلعی صدر اجمل جلیل مغل نے کہا کہ ہمیں کشمیری ہونے پر فخر ہے ۔

فاروق حیدر کے بیان سے تحریک آزادی کشمیر پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔ہم مفاد کی خطر کسی کے سامنے جھک نہیں سکے ۔فاروق حیدر کو غیر اخلاقی زبان استعمال نہیں کرنی چاہئیے بڑے لوگ ہمیشہ سنجیدہ بات کرتے ہیں ۔بھارتی میڈیا نے نواز شریف کی نااہلی کو کتنا اچھالا ہم ایسے اقتدار کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں اور غازی ملت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ غازی ملت کے مشن کو خالد ابراہیم کی قیادت میں جاری رکھیں گے ۔

جے کے پی پی کے سینئر رہنما فریدون اعوان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جرم ثابت ہونے پر سزا دی ۔فاروق حیدر نے کسی اور کے ساتھ الحاق کی بات کر کے غداری کی ہے ۔انہیں شرم آنی چاہئیے ۔اور پوری کشمیری قوم سے معافی مانگیں ۔ہمارا پاکستان کے ساتھ الحاق اور کلمے کا رشتہ ہے ۔عمران خان نے درست کہا کہ فاروق حیدر کے گھر کا کشمیری عوام کو گھیرائو کرنا چاہئیے ۔

سید آصف گیلانی نے کہا کہ فاروق حیدر نے کشمیریوں کے سر شرم سے جھکا دئیے ہیں ۔سرینگر میں شہید ہونے والے کشمیریوں کو آج پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر دفن کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ 1947میں سردار ابراہیم خان کا الحاق پاکستان کا فیصلہ درست تھا ۔ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں ۔کاشف میر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غازی ملت نے ریاست کی تعمیر و ترقی اداروں کی مضبوطی کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں ہیں اور ریاست کیلئے ان کی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

متعلقہ عنوان :