بلوچستان میں گاڑی سے2ہزار کلو دھماکہ خیزمواد برآمد‘دوافراد گرفتار

دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والے اسلحے میں بندوقیں، راکٹ لانچر،مائنز، ڈیٹونیٹرز اور مواصلاتی آلات شامل ہیں ۔آئی ایس پی آر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 31 جولائی 2017 19:52

بلوچستان میں گاڑی سے2ہزار کلو دھماکہ خیزمواد برآمد‘دوافراد گرفتار
روالپنڈی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔31 جولائی۔2017ء) ایف سی نے بلوچستان کے علاقے قلعہ عبداللہ میں آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائی کے دوران ایک گاڑی سے 2 ہزار کلوگرام دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا جبکہ دو مشتبہ فراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایف سی نے بلوچستان میں ایک خطرناک دہشت گرد کارروائی کو ناکام بنا دیا ہے۔

2 ہزار کلوگرام دھماکا خیز مواد قلعہ عبداللہ کے علاقے اسپن ٹیزا میں تلاشی کے دوران ایک گاڑی سے برآمد کرلیا گیا۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جون میں پاک فوج نے بلوچستان میں آپریشن ردالفساد کے تحت اسپلنجی اور مستونگ میں کارروائی کرتے ہوئے 12 اہم دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کے علاوہ بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا تھا۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے علاقے کاہان سے 55 کلومیٹر دور سکھن نالہ دارانگو میں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے خلاف خفیہ اطلاعات پر کارروائیاں کی گئیں اور کارروائیوں کے دوران اسلحے اور گولہ بارود کی بھاری کھیپ بھی برآمد کرلی گئیں۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والے اسلحے میں بندوقیں، راکٹ لانچر،مائنز، ڈیٹونیٹرز اور مواصلاتی آلات شامل ہیں ۔