ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی طرف سے برطانیہ کو شریف برادران کی دولت واپس کرنے کا مطالبہ درست سمت قدم ہے،میاں کامران سیف

منگل 1 اگست 2017 19:55

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی طرف سے برطانیہ کو شریف برادران کی دولت واپس ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اگست2017ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما وسیکرٹری اطلاعات پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ ن لیگ کی حکومت ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے حوالوں کو اپنے بیانات میں اکثر استعمال کرتے ہیں اب اس ادارے ٹرانسپرنسی انٹرنیشل کی طرف سے برطانیہ کو شریف برادران کی دولت پاکستان کو واپس کرنے کا مطالبہ درست سمت قدم ہے ۔

کیونکہ اس دولت کے بارے میں شریف برادران تاحال کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔میاں کامران سیف نے کہا کہ برطانیہ میں دولت اور فلیٹس پاکستان سے جانے والی رقم سے خریدے گئے جس کا کوئی ثبوت منی ٹریل سپریم کورٹ پیش نہیں کی گئی اس لیے دولت پاکستان کی ہے اس لیے انصاف کا تقاضہ یہی ہے کہ اسے پاکستان کو واپس کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل ایک معتبر ادارہ ہے اس نے درست مطالبہ کیا ہے اس لیے لندن فلیٹس اور کاروباری اداروں کی رقم پاکستان لانے کے اقدامات کیے جائیں ۔انہوںنے کہا کہ جب حکمران نے پاکستان سے غیر قانونی طور پر رقم بیرون ملک لے جاکر جائیدادیں خریدیں گے اور کاروبار کریں گے تو غیر ملکی سرمایہ کار کیونکر پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہونگے ۔

یہی وجہ ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے اربوں روپے کا منافع اپنے ملک ٹرانسفر کردیا ہے جس کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔انہوںنے کہاکہ لندن کے ساتھ ساتھ سوئس بینکوں میں موجود رقم بھی پاکستان لانے کیلئے اقدامات کیے جائیں اور یہ رقم غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی کیلئے استعمال کی جائے تاکہ ملک کو غیر ملکی قرضوں سے نجات مل سکے۔

متعلقہ عنوان :