مسلم لیگ (ق) بلوچستان کی نو منتخب عبوری وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو مبارکباد

بدھ 2 اگست 2017 00:12

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اگست2017ء) مسلم لیگ (ق) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے نو منتخب عبوری وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مسلم لیگ (ق) بلوچستان کے پانچ اراکین اسمبلی جو کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء الله خان زہری کے دست راست اور طاقت ہیں میاں نواز شریف کے اس فیصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اُمید کرتے ہیں کہ45 روز کے عبوری سسٹم کے بعد جو نئے وزیراعظم آئیں گے وہ بھی ایمانداری اور مخلصانہ انداز سے پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے مشن کو آگے بڑھائیں گے اور پوری دُنیا میں پاکستان کے وقار کو مزید بلند کریں گے۔

کوئٹہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ نو منتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی مخلص شخص ہیں اور اپنی جماعت کے ساتھ کمیٹڈ ہیں۔

(جاری ہے)

اور اُمید ہے کہ وہ اپنی45 دنوں میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے مثبت کردار ادا کریں گے۔اُنہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو ہٹانا ملک کے مفاد میں نہیں تھا بین الاقوامی سطح پر نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں پاکستان کا وقار جس طرح بلند کیا ہے اور پاکستان کی پہچان بنائی ہے اپوزیشن جماعتوں نے منفی کردار ادا کرکے دُنیا بھر میں پاکستان کے اس وقار اور پہچان کو نقصان پہنچایا ہے جس سے پوری دُنیا میں ایک منفی پیغام گیا ہے جسے صدیوں تک یاد رکھا جائے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں میاں نواز شریف اور اُن کی حلیف جماعتیں اور ساتھی منفی کردار ادا کرنے والی اپوزیشن جماعتوں کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے اور یہ بات واضح کردوں کہ بلوچستان میں مسلم لیگ (ق) جس کے صدر شیخ جعفر خان مندوخیل ہیں اور بلوچستان اسمبلی میں (ق) لیگ کے پانچ ارکان ہیں ہم وزیراعلیٰ نواب ثناء الله زہری کی قیادت میں اب بھی اُن کا بھرپور ساتھ دے رہیں اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے ۔

اور انشاء الله2018ء کے الیکشن کے بعد نہ صرف وفاق میں بلکہ بلوچستان میں بھی ہمارے تعاون سے (ن) لیگ حکومت بنائے گی اور ہمارے وزیراعلیٰ نواب ثناء الله زہری ہونگے جنہوں نے اپنے دو سالہ دور اقتدار میں بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے انقلابی اقدامات اُٹھائے ہیں یہاں تک کہ انہوں نے پہلی مرتبہ پی ایس ڈی پی سے ہٹ کر صوبے کے ہر ضلع کو بیس بیس کروڑ اضافی فنڈدیا جس کے مثبت اثرات مرتب ہونگے اور انکے اس اقدام کو بلوچستان کی تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھا جائے گا کیونکہ اس سے قبل کسی بھی حکومت نے ترقی و خوشحالی کیلئے ایسے اقدامات نہیں اُٹھائے جو کہ نواب ثناء الله زہری کے مختصر دور حکومت میں اُٹھائے گئے ہیں اور وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء الله زہری جس مخلصانہ طریقے سے ترقی و خوشحالی کے ویژن کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں انہیں صوبے کے عوام کبھی نہیں بھولیں گے اور ہم صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے وزیراعلیٰ کے اس ویژن میں ہر فورم پر ان کے ہاتھ مضبوط کریں گے اور صوبے کے عوام کے بہتر مفاد میں اپنی حمایت نہ صرف اس دور میں بلکہ 2018ء کے عام انتخابات میں بھی جاری رکھیں گے۔