پانامہ پر ہاں میں ہاں نہ ملانے پر قومی وطن پارٹی کو حکومت سے فارغ کر دیا گیا، ہارون بشیر بلور

پی ٹی آئی اجارہ داری کی سیاست کی قائل ہے اور وہ صرف انہی لوگوں کو دل ترجیح دیتے ہیں، عائشہ گلالئی کی جانب سے تحریک انصاف کے چیئر مین پر الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ

بدھ 2 اگست 2017 00:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 اگست2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ہارون بشیر بلور نے قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کی جانب سے وزارت عظمیٰ کا امیدوار لانے کے فیصلے پر حیرت اور تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانامہ پر ہاں میں ہاں نہ ملانے پر قومی وطن پارٹی کو حکومت سے فارغ کر دیا گیا لگتا ہے اب جماعت اسلامی کی باری ہے،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جماعت والے خود سے خیبر پختونخوا میں حکومت سے الگ ہو جائیں ،کیونکہ پی ٹی آئی کا اگلا شکار وہی ہونگے ، جیسے پانامہ کیس میں حمایت نہ کرنے پر قومی وطن پارٹی کو حکومت سے نکال باہر کیا گیا ، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اجارہ داری کی سیاست کی قائل ہے اور وہ صرف انہی لوگوں کو دل ترجیح دیتے ہیں جو ان کی ہاں میں ہاں ملائیں ، انہوں نے عائشہ گلالئی کی جانب سے تحریک انصاف کے چیئر مین پر الزامات کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کی عزت اسلامی اور معاشرتی فرض ہے ،انہوں نے کہا کہ سیاست سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں کام کرنے والی خواتین کی عزت و حرمت سب کا فرج ہے اور سب کو ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے ،ہارون بشیر بلور نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات کر کے اصل صورتحال عوام کے سامنے لائی جائے ۔