پبلک اکائونٹس کمیٹی کا خورشید احمد شاہ کی زیر صدارت اجلاس ،ْ سیکرٹری ترقی و منصوبہ بندی کا یکسر لاعلمی کا اظہار

میڈیکل کالج اور ہسپتال کے نام سے راولپنڈی کا کوئی منصوبہ پی ایس ڈی پی میں درج نہیں ہے ،ْ کمیٹی میں گفتگو

بدھ 2 اگست 2017 18:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2017ء) پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس پی اے سی کے چیئرمین سید خورشید احمد شاہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔بدھ کو اجلاس میں وزارت منصوبہ بندی و ترقی کی جانب سے ملک بھر میں جاری منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جبکہ راولپنڈی میں صحت کے دو زیر التواء منصوبوں کا معاملہ بھی زیر بحث آیا جس سے سیکرٹری ترقی و منصوبہ بندی نے یکسر لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کالج اور ہسپتال کے نام سے راولپنڈی کا کوئی منصوبہ پی ایس ڈی پی میں درج نہیں ہے۔

چوہدری تنویر کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں ہسپتال کی تعمیر کا منصوبہ پرویز مشرف دور میں شروع ہوا۔ مادر پدر آزادی کی وجہ سے کسی ادارے سے اجازت لینا ضروری نہیں سمجھا جاتا تھا اس لئے منصوبہ ریلوے کی زمین پر شروع کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے بتایا کہ وومن اینڈ چیسٹ ڈیزیز ہسپتال پر ایک ارب 90 لاکھ روپے سے زائد خرچ ہو چکے ہیں اور اب یہ منصوبہ نظرثانی شدہ تخمینے کے تحت بقایا جات کی ادائیگی کی شرط کے ساتھ پنجاب حکومت کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

منصوبے کا نظرثانی شدہ تخمینہ 3.5 ارب روپے ہے۔ سیکریٹری منصوبہ بندی کی جانب سے منصوبوں کی تفصیلات کا علم نہ ہونے کے عذر پر پی اے سی کے رکن میاں عبدالمنان کا کہنا تھا کہ ہمارا 40 سال کا حساب ہو رہا ہے اور آپ چار سال کا حساب نہیں دے رہے۔ کمیٹی نے وزارت منصوبہ بندی و ترقی سے ملک میں جاری، زیر التواء اور موخر شدہ منصوبوں سمیت راولپنڈی کے ہسپتال اور نیشنل ہائی وے کے منصوبوں کی تفصیلات تازہ ترین تصاویر کے ساتھ طلب کرلیں۔

متعلقہ عنوان :