بھارت رواں برس پاکستان سے ہوم سیریز کی جگہ سری لنکا کو دے دی

ہمیں فیوچر ٹور پروگرام میں روایتی حریف سے باقی سیریز کی جگہ بھی دیگرٹیموں سے پر کرنا ہوگی، سیکرٹری بی سی سی آئی

جمعرات 3 اگست 2017 14:31

بھارت رواں برس پاکستان سے ہوم سیریز کی جگہ سری لنکا کو دے دی
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اگست2017ء) بھارت سے سیریز کیلئے تمام امیدیں دم توڑ گئیں ، بھارت رواں برس گرین شرٹس سے ہوم سیریز کی جگہ سری لنکا کو دے دی، بی سی سی آئی کے سیکریٹری امیتابھ چوہدری نے کہاکہ ہمیں فیوچر ٹور پروگرام میں روایتی حریف سے باقی سیریز کی جگہ بھی دیگرٹیموں سے پر کرنا ہوگی۔تفصیلات کے مطابق بھارت نے پاکستان کی بگ تھری کیلیے حمایت حاصل کرنے کے بعد کئی باہمی سیریز کا وعدہ کیا تھا،معاہدے کے تحت رواں برس کے آخر میں گرین شرٹس کومکمل سیریز کیلیے بھارت کا دورہ کرنا تھا،مگر چونکہ پہلے بھارتی ٹیم نے پاکستان کا مہمان بننے سے انکار کیا لہذا پاکستانی ٹور کا بھی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا، اسی لیے بی سی سی آئی نے گرین شرٹس کی جگہ سری لنکن ٹیم کو دے دی جو اب نومبر دسمبر میں مکمل سیریز کیلیے دورہ کرے گا، اس میں 3 ٹیسٹ، اتنے ہی ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

بی سی سی آئی کے سیکریٹری امیتابھ چوہدری نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 6 باہمی ٹورز کا فیصلہ ہوا تھا جو اب نہیں ہوں گے، اس لیے ہمیں ان کی وجہ سے خالی ہونے والی جگہوں کو دیگرٹیموں سے پر کرنا ہے۔ یاد رہے کہ سری لنکا کو بھارت کا جوابی دورہ آئندہ برس فروری مارچ میں کرنا تھا، جب بھارت نے اسے رواں سال ٹور کو کہا تو بدلے میں اس نے بھارت کو اپنی ٹیم ان کے ملک میں شیڈول آزادی کپ میں بھیجنے کی درخواست کر دی جو بی سی سی آئی نے قبول کرلی، اس بارے میں امیتابھ چوہدری نے کہاکہ سری لنکا نے ہمیشہ بھارت کے ساتھ تعاون کیا ہے۔

اسی لیے ہماری ٹیم بھی مختلف ٹور پر آئندہ برس مارچ میں دوبارہ سری لنکا جائے گی جہاں وہ صرف آزادی کپ میں ہی شرکت کرے گی، پروگرام کو تبدیل کرنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے۔ انھوں نے یہ بھی تصدیق کی کہ نئے پروگرام سے بھارتی ٹیم کا دورہ جنوبی افریقہ تھوڑی تاخیر کا شکار ہوگا تاہم انھوں نے پروٹیز کے ساتھ باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے امکان کو مکمل طور پر خارج از امکان قرار دینے سے بھی گریزکیا۔