عبدالرشید ترابی کی سربراہی میں اعلیٰ سطح وفد کی آصف علی زرداری سے اہم ملاقات ،مسئلہ کشمیر سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال

وفد میں سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر،صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر چوہدری لطیف اکبرسمیت دیگر قائدین شامل تھے

جمعرات 3 اگست 2017 17:16

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 اگست2017ء) کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل کے کنونیئر و سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی کی سربراہی میں سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر،صدر پاکستان پیپلز پارٹی چوہدری لطیف اکبر،سردار امجد یوسف،مسلم کانفرنس کے راہنما صغیر چغتائی سمیت دیگر قائدین اور دانشوروں نے سابق صدر پاکستان و کو چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی ،اس موقع پر سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم سے آصف علی زرداری کو آگاہ کیا اور ساتھ ہی پیپلز پارٹی کی میزبانی میں مجوزہ قومی کشمیر کانفرنس کی یاد دہانی بھی کروائی اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ آمدہ انتخابات میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اپنے انتخابی منشورمیں مسئلہ کشمیر کو شامل کریں بلکہ مسئلہ کشمیر کو پارٹی منشور میں ترجیح اول رکھیں پاکستان کی تمام مذہبی اور سیاسی جماعتیں اپنی دیگر سیاسی سرگرمیوں میں بھی مسئلہ کشمیر کو اولیت دیں ،عبدالرشید ترابی نے آصف علی زرداری کو بتایا کہ وہ اپنی پارٹی کے کارکنوں کو جو دنیا کے دیگر ممالک میں بھی ہیں اور پاکستان میں بھی ہیں ان کو مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لیے متحرک کریں ،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جس طرح بے نظیر بھٹو کے دور میں نوابزادہ نصراللہ کی قیادت میں پوری دنیا میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے وفود بھیجے گئے تھے جس میں راقم بھی شامل تھا اسی طرح کے اقدامات کی آج بھی ضرورت ہے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ بھارت مظالم کی انتہا کرر ہا ہے اس کے مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے ،اس موقع پر سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہاکہ پیپلز پارٹی کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی حمایت جاری رکھے گی پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے رکھی گئی ہے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے یہی مسئلے کا بہترین حل ہے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے انتخابی منشور میں مسئلہ کشمیر کو ایجنڈے میں رکھے گی اور پیپلز پارٹی سے وابستہ لوگوں کو ہدایت کریں گے کہ وہ دنیا میں جہاں بھی ہیں کشمیر کے سفیر بن کر کردار ادا کریں ۔