آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی قندھارمیں امریکی فورسز پر حملے کی مذمت-امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس

آرمی چیف سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی جی ایچ کیو میں ملاقات - باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 3 اگست 2017 17:53

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی قندھارمیں امریکی فورسز پر حملے کی ..
روالپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 اگست۔2017ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان کے شہر قندھارمیں امریکی فورسز پر ہونے والے دہشت گردحملے کی مذمت کی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے حملے میں 2امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کے نقصان اور درد کوپوری طرح سمجھتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کے مشترکہ خطرے کے خلاف جنگ میں خونریزی سے گزر رہا ہے۔آرمی چیف نے واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔واضح رہے کہ جمعرات کے روزافغانستان کے جنوبی صوبہ قندھار میں نیٹو قافلے پر خودکش کار بم حملے میں2امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

قندھار کے پولیس ترجمان ضیاءدرانی کے مطابق ضلع دامن میں خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی نیٹو کے قافلے سے ٹکرادی۔

نیٹو نے اپنے بیان میں حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں جانی نقصان بھی ہوا ہے، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ جس قافلے پر حملہ ہوا وہ کس ملک کا تھا اور کتنے فوجی ہلاک و زخمی ہوئے۔ طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ ان کے جنگجو نے ضلع دامن کے علاقے شور اندام میں افغان انٹیلی جنس کے اڈے کے قریب یہ حملہ کیا جس میں 15 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق نیٹو کی دو فوجی گاڑیاں حملے میں تباہ ہوگئیں۔ دریں اثناءآرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے جی ایچ کیوراولپنڈی میں ملاقات کی ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق جی ایچ کیوراولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی ملاقات ہوئی، جس میں علاقائی سیکورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران برطانوی ہائی کمشنر نے خطے میں امن واستحکام کے لئے پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔