ایس ای سی پی نے پرائیویٹ پنشن فنڈز کی مسابقتی کارکردگی کی تفصیلات جاری کردیں

جمعرات 3 اگست 2017 19:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2017ء) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے پرائیویٹ پنشن فنڈز کی مسابقتی کارکردگی کی تفصیلات جاری کردیں۔ مالی سال 2016-17 کے دوران پرائیویٹ پنشن فنڈ انڈسٹری کی شرح نمو 32 فیصد سے زائد رہی جبکہ اس انڈسٹری کے مجموعی اثاثہ جات 25 ارب روپے سے تجاوز کر گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایس ای سی پی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پنشن انڈسٹری میں نمو بنیادی طور پر عام سرمایہ کاروں کی شمولیت میں اضافے اور سٹاک مارکیٹ کی بہتر کارکردگی کا نتیجہ ہے۔

پرائیویٹ پنشن فنڈز کے 18 ہزار سے زائد شراکاء ہیں اور ان کے تقریبا 60 فیصد اثاثے ایکویٹی مارکیٹ میں لگائے گئے ہیں۔ سرمایہ کاروں نے روایتی کی بجائے شریعہ پنشن پراڈکٹس کی ترجیح دی ہے۔ 25 ارب کے پنشن فنڈز میں سے 16 ارب سے زائد شریعہ سیکورٹیز پر مشتمل ہیں۔واضح رہے کہ ملک میں پرائیویٹ پنشن فنڈز 2007 میں متعارف کرائے گئے تھے۔ اس وقت ملک میں 19 پرائیویٹ پنشن فنڈز ہیں جن میں سے 10 شریعہ اور 9 روایتی پنشن فنڈز ہیں۔

متعلقہ عنوان :