وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی چوہدری نثار علی خان سے ملاقات ، کابینہ میں شمولیت کی دعوت

چوہدری نثار کابینہ میں شامل نہ ہونے کے اپنے موقف پر قائم ،اعجاز الحق، میر حاصل بزنجو اور وفاقی وزیر اکرم خان درانی بھی کابینہ میں شمولیت کیلئے چوہدری نثار کو راضی نہ کر سکے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے درمیان ملاقات ہوئی ہے، نواز شریف کی اتوار کو لاہور روانگی کے پروگرام کو حتمی شکل دی گئی

جمعہ 4 اگست 2017 16:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 اگست2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے درمیان ملاقات ہوئی ہے، جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی اتوار کو لاہور روانگی کے پروگرام کو حتمی شکل دی گئی،دوسری طرف وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کر کے انہیں کابینہ میں شمولیت کی دعوت دی تاہم چوہدری نثار کابینہ میں شامل نہ ہونے کے اپنے موقف پر قائم رہے،اعجاز الحق، میر حاصل بزنجو اور وفاقی وزیر اکرم خان درانی بھی چوہدری نثار کو کابینہ میں شمولیت کیلئے اصرار کرتے رہے تاہم وہ انہیں راضی نہ کر سکے۔

جمعہ کو وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، پارٹی امور اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی لاہور روانگی کے پروگرام پر تفصیلی بات چیت ہوئی، دونوں رہنمائوں نے نواز شریف کے لاہور روانگی کے پروگرام کی حکمت عملی مرتب کی اور اسے حتمی شکل دی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف گزشتہ رات وزیراعظم شاہد خاقان عباسی چوہدری نثار علی خان کے پاس آئے اور ان سے ملاقات کر کے انہیں کابینہ میں شمولیت اختیار کرنے کی دعوت دی تاہم چوہدری نثار علی خان نے واضح کہا کہ وہ کسی صورت وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں بنیں گے تاہم پارٹی میں رہ کر اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز مسلم لیگ (ضیائ)کے صدر اعجاز الحق، وفاقی وزیر اکرم خان درانی اور میر حاصل خان بزنجو نے بھی چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی اور انہیں وفاقی کابینہ میں شامل ہونے کیلئے قائل کرنے کی کوشش کی تاہم چوہدری نثار علی نے ان کا شکریہ ادا کیا اور کابینہ میں شمولیت اختیار کرنے سے معذرت کی۔