فیصل آباد، دفاع پاکستان کونسل تحریک آزادی کشمیر اور تحفظ نظریہ پاکستان مہم کے حوالہ سے اتوار ا کو جلاس طلب کر لیا

اجلاس کی صدارت دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق کریں گے

جمعہ 4 اگست 2017 20:33

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اگست2017ء) دفاع پاکستان کونسل نے وطن عزیز پاکستان کی موجودہ صورتحال،حافظ محمد سعید کی نظربندی میں مزید توسیع، تحریک آزادی کشمیر اور تحفظ نظریہ پاکستان مہم کے حوالہ سے کل اتوار 6اگست کو فیصل آباد میں سربراہی اجلاس طلب کیا ہے۔ اجلاس کی صدارت دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق کریں گے جبکہ اس دوران کونسل میں شامل مذہبی و سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور مقامی رہنما شریک ہوں گے۔

اس موقع پر دفاع پاکستان کونسل فیصل آباد کا کوآرڈینیٹر بھی مقرر کیا جائے گا۔ اجلاس میںجماعة الدعوة کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعیدودیگر رہنمائوں کی نظربندی میں توسیع اورتحریک آزادی کشمیرسمیت دیگر مسائل پر غورو خوض اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شرکت کے لئے نمائندہ تنظیموں کے سربراہان کو دعوت دے دی گئی ہے۔

اختتام پر دفاع پاکستان کونسل کے قائدین میڈیا سے گفتگو کریں گے۔دفاع پاکستان کونسل کے چیف کو آرڈینیٹر قاری محمد یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں ہونے والا دفاع پاکستان کونسل کا یہ اجلاس بہت اہمیت کا حامل ہے اور اس میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کی نظربندی میں توسیع تحریک آزادی کشمیر کی کمر میں خنجر گھونپنے کے مترادف ہے۔ مظلوم کشمیریوں کی ہر ممکن مددو حمایت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ دفاع پاکستان کونسل اس عظیم مقصد سے پیچھے نہیں رہے گی۔