صوبائی حکومت کی عدم دلچسپی عبدالستار ایدھی بس لائن منصوبہ تاخیر کا شکار،منصوبہ جون 2017 میں مکمل ہونا تھا

جمعہ 4 اگست 2017 21:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 اگست2017ء) سندھ حکومت کی جانب سے بروقت فنڈ کی فراہمی نہ ہونے اور یوٹیلیٹی اداروں کے عدم تعاون کی وجہ سے عبدالستار ایدھی بس لائن منصوبہ تاخیر کا شکار ہوگیا۔ سندھ حکومت نے ایدھی لائن بس منصوبہ جون 2016 میں شروع کیا اور اسے جون 2017 میں مکمل کیا جانا تھا تاہم سست روی کی وجہ سے منصوبہ پر صرف 40فیصد کا م کی تکمیل ہوئی ہے۔

منصوبے پر ایک ارب 19 کروڑ روپے لاگت آرہی ہے منصوبے کے سنگ بنیاد رکھتے وقت اس منصوبے کا نام اورنج لائن تھا تاہم منصوبے کو عبدالستار کے نام سے منسوب کردیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتا یا کہ سندھ حکومت کی عدم دلچسپی اور فنڈز کی بروقت عدم ادائیگی کی وجہ سے منصوبہ پر تعمیراتی کام کئی بار التواء کا شکار ہوا ، منصوبے کے رائٹ آف وے اورنگی ٹاؤن آفس تا بورڈ آفس چورنگی 3.9 کلومیٹر پر تعمیراتی کام جاری ہے ، اطراف کی سڑکیں یوٹیلیٹی لائنوں کی منتقلی کے باعث کھدی پڑی ہے جس کی وجہ سے اورنگی نمبر 5 ، اورنگی پونے پانچ ، عبداللہ گرلز کالج کے راستے پر بدترین ٹریفک جام ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بورڈ آفس چورنگی تا بنارس پل کے راستے میں 7 بڑے تعلیمی ادارے قائم ہیں جن میں جناح وومن یونیورسٹی ، جناح کالج برائے طلبا ، ہومیو پیتھک کالج ، پولی ٹیکنیک کالج ، ثانوی تعلیم بورڈ عبداللہ گرلز کالج اور انٹر بورڈ شامل ہیں۔ ان تعلیمی اداروں میں ہزاروں طلبہ وطالبات اور اساتذہ ککا روزانہ گزر ہوتا ہے تعمیراتی منصوبے میں ست روی کی وجہ سے طلبہ وطالبات اور دیگر شہریوں میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی اداروں بالخصوص واٹر بورڈ کے عدم تعاون کی سبب بھی یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہورہا ہے ، کھدائی کے دوران جگہ جگہ یوٹیلیٹی سروس کی لائنیں اور کیبلز نکل رہی ہے جن کی منتقلی میں کافی وقت لگ رہا ہے۔ واٹر بورڈ زیر زمین پانی وسیوریج کی لائنوں کا ڈیٹا نہیں رکھتا ہے۔ واٹر بورڈ کی جانب سے کئی مقامات پر نشاندہی کی گئی کہ یہاں پانی وسیوریج کی لائنیں دریافت ہوئیں جن کی منتقلی کیلیے کام ہورہا ہے۔

متعلقہ افسروں نے کہا کہ شہریوں بالخصوص طلبہ وطالبات کی پریشانی کا اندازہ ہے ، تعمیراتی کام میں تیزی لائی جاچکی ہے ، کھدی ہوئی سڑکوں کو موٹریبل بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام ہورہا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار کھی جاسکے ، ایدھی لائن بس منصوبہ رواں سال دسمبر میں مکمل کرلیا جائے گا اور اسے گرین بس منصوبہ سے منسلک کردیا جائیگا ،ا س منصوبہ کی تکمیل سے روازنہ 50 ہزار مسافروں کو سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

متعلقہ عنوان :