فیصل آباد، صومالیہ کی سفیر محترمہ خدیجہ محمد المکزومی کا زرعی یونیورسٹی کا دورہ

جامعہ زرعیہ سے فارغ التحصیل درجنوں گریجوایٹس صومالیہ میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں، اجلاس سے خطاب

جمعہ 4 اگست 2017 21:37

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اگست2017ء) پاکستان میں صومالیہ کی سفیر محترمہ خدیجہ محمد المکزومی نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ کیااور وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں سمیت اعلیٰ انتظامی قیادت سے ملاقات کی۔ سنڈیکیٹ روم میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صومالی کی سفیر محترمہ خدیجہ محمد المکزومی نے میاں بیوی کے پختہ تعلقات کو بچوںکی اچھی تربیت سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کے بیرون ملک سفارتخانے اور میزبان جامعات کے مابین موثر روابط و تعلقات سے زیرتعلیم نوجوانوں کا ریکارڈ مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی مانیٹرنگ بھی کی جا سکتی ہے تاکہ پیشہ وارانہ اُمور میں وہ تمام ضروری معلومات اور ہنران کے سپرد کیا جائے جس کے ذریعے وہ اپنے ممالک میں بہتری لاسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جامعہ زرعیہ فیصل آباد سے فارغ التحصیل درجنوں گریجوایٹس صومالیہ کے بہت سے اداروں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں جو یقینا ان کی مادر علمی کیلئے باعث فخر ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے ملک میں جانوروں کی تعداد بہت زیادہ ہے تاہم اس کے مقابلہ میں ماہرین حیوانات انتہائی کم لہٰذا وہ چاہیں گی کہ زرعی یونیورسٹی میں ویٹرنری ڈاکٹرز اور پروڈکشن مینیجرز کی تربیت کیلئے مزید نوجوانوں کو یہاں بھیجنے کی راہ ہموار کی جائے۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں نے کہا کہ چند دہائیاں قبل تک یونیورسٹی میں سینکڑوں افریقی طلبہ زیرتعلیم تھے تاہم بعد میں بتدریج ان کی تعداد میں کمی ہوتی گئی۔ انہوں نے کہاکہ ہرچند ہائر ایجوکیشن کمیشن میں اسلامی ممالک کے نوجوانوں کیلئے 50سکالرشپ مختص کردیئے گئے ہیں تاہم ان سے مستفید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد بہت کم ہے لہٰذا صومالیہ کے نوجوانوں کو اس پیشکش سے فائدہ اُٹھانا چاہئے۔

انہوں نے بتایا کہ اسلامی ترقیاتی بینک بھی ہر سال مسلم ممالک کے نوجوانوں کواعلیٰ تعلیم کیلئے سکالرشپ دیتا ہے جس کیلئے صومالی نوجوانوں کو ترغیب دی جانی چاہئے۔ انہوں نے بتایاکہ اسلامی ترقیاتی بینک کے تعاون سے یونیورسٹی میں گیمبیا کے متعدد نوجوان پی ایچ ڈی کیلئے آ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ افریقی ممالک موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں بہترین قوت مدافعت کیساتھ پیداواری عمل کوتسلسل کے ساتھ آگے بڑھانے والی جوار پیدا کرتے ہیں جو مستقبل میں غذائی استحکام کیلئے معاون ثابت ہوگی۔

انہوں نے صومالی سفیر کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ ان کی یونیورسٹی میں صومالیہ کی کسی جامعہ میں زیرتعلیم نوجوانوں کیلئے ٹرانسفر کی سہولت فراہم کی جا سکتی ہے تاکہ ابتدائی تعلیم کے بعد حتمی ڈگری جامعہ زرعیہ سے حاصل کر سکیں۔ بعد ازاں صومالیہ کی سفیر نے پرنسپل آفیسرڈاکٹر محمد جلال عارف کے ہمراہ یونیورسٹی کی متعدد تحقیقاتی لیبارٹریوں کا دورہ بھی کیا۔اس موقع پر یونیورسٹی میں زیرتعلیم صومالیہ کے نوجوان طلبہ بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :