13لاکھ کشمیری تارکین وطن تمام سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر مسئلہ کشمیر کے سفیر بن کر اپنا کردار ادا کریں ،عبدالرشید ترابی

نریندر مودی نے انتہا پسندانہ پالیسیوں کی وجہ سے جنوبی ایشیا بڑی جنگ کے دہانے پر کھڑا ہے، عالمی برادری کو نوٹس لیناچاہئے، رہنماء جماعت اسلامی آزاد کشمیر

ہفتہ 5 اگست 2017 19:15

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2017ء) جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیر کے سابق امیر و ممبر قانون سازاسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ 13لاکھ کشمیری تارکین وطن تمام سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر مسئلہ کشمیر کے سفیر بن کر اپنا کردار ادا کریں ،نریندر مودی نے انتہا پسندانہ پالیسیوں کی وجہ سے جنوبی ایشیا بڑی جنگ کے دہانے پر کھڑا ہے دو ایٹمی ملکوں کے درمیان جنگ پوری دنیا کو متاثر کرے گی عالمی برادری کو اس سنگینی کا نوٹس لینا چاہیے اور کشمیریوں کو ان کا حق دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ،نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر کے اندر مظالم کی انتہا کر دی ہے مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے سیز فائر لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کر رہا ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے تقریبات سے خطاب ،وفود اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ بیس کیمپ کے قومی وقار اور تشخص پر کوئی کمپرمائز نہیںکریں گے کشمیریوں کی جدوجہد تحریک پاکستان ہی کا تسلسل ہے مسئلہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں نریندر مودی اس مبنی برحق جدوجہد کو کچلنے کے لیے کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کررہا ہے عالمی برادری کو اس کا بھی نوٹس لینا چاہیے انہوں نے کہا کہ جب سے نریندر مودی نے اسرائیل کا دورہ کیا ہے وہاں بھی مظالم بڑھ گے ہیں اور مسلمانوں کا قبلہ اول مسجد اقصیٰ بند کر دی گئی ہے جو سوا ارب مسلمانوں کے ایمان کا مسئلہ ہے انہوں نے کہا کہ بیت اللہ اور بیت المقدس کی حفاظت پوری امت پر فرض ہے انہوں نے کہا کہ کشمیری بھی امت مسلمہ کا حصہ ہیں وہ امت کی طرف دیکھ رہے ہیں اسلامی ممالک کو کشمیریوں کی آزادی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے ،عرب اور اسلامی ممالک ہندوستان کا معاشی اور سیاسی بائیکاٹ کردیں تو کشمیر دنوں میں آزاد ہوسکتا ہے انہوں نے کہا کہ کشمیری آزادی کے لیے پرعزم ہیں وہ آزادی کی منزل حاصل کر کے پاکستان کی تکمیل کریں گے ۔