سی ٹی ڈی کی ریڈ بک ، شرپسند عناصر،دہشت گردی میں ملوث افرادکے نام شامل

کالعدم تحریک طالبان کے 16، لشکر جھنگوی کے 11، جنداللہ کے 8، القاعدہ کے 9دہشتگردوں کے نام بھی ریڈ بک میں موجود سب سے زیادہ انعامی رقم ایک کروڑ روپے سابق صدر مشرف پر حملے کے ملزم مطلع الرحمان کے سر کی ہے، 63دہشتگردوں پر کروڑں روپے انعام رکھا گیا

ہفتہ 5 اگست 2017 19:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2017ء) سی ٹی ڈی نے خودکش حملوں اور دیگر کارروائیوں میں ملوث مطلوب دہشت گردوں کی نئی ریڈ بک جاری کر دی ہے ،، جس میں 72 انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی تفصیلات شامل ہیں۔ریڈ بک کا یہ آٹھواں ایڈیشن حساس اداروں کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے کے ایڈیشن میں 90 سے زائد دہشت گردوں کے نام موجود تھے۔

ریڈ بک میں داعش، القاعدہ، لشکر جھنگوی اور جنداللہ کے دہشتگردوں کی تفصیلات شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق کائونٹر ٹیرازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی)کی جاری کردہ ریڈ بک میں حکو مت کو مطلوب دہشت گردوں اور ان کے سہولت کا روں کے نام شامل ہیں ۔ کتاب میں ان دہشت گردوں کی تمام معلومات درج ہیں ۔جاری کردہ نئی بک میں پہلی بار دہشت گردوں کی مکمل معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ان دہشت گردوں میں داعش سے روابط رکھنے والے ملزمان اور سانحہ صفورا گوٹھ بس حملے میں ملوث ملزمان کے نام بھی شامل ہیں ۔جاری ہونے والی ریڈ بک کا یہ آٹھواں ایڈیشن ہے جس کی تفصیلات سی ٹی ڈی نے تمام قانونی اداروں اور سیکورٹی ایجنسیز سمیت متعلقہ اداروں کو بھی بھیج دی ہے ۔ ریڈ بک کے پہلے اور دوسرے حصے میںمختلف کالعدم تنظیموں کے عسکری ونگ کی تفصیلات دی گئی ہیں ۔

اس میں مجرموں کی مکمل معلومات بشمول ان کی تصاویر ، کریمنل ریکارڈ اور دہشت گرد گروپوں سے تعلق کے ساتھ ساتھ ان کے جرائم اور اب سے پہلے ہونے والی گرفتاریوں کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے ۔کالعدم تنظیموں میں داعش ، القاعدہ ، تحریکِ طالبان پاکستان ، لشکرِ جھنگوی ،سپاہِ صحابہ، تحریکِ جعفریہ ، پاسبانِ اسلام ، مہدی فورس اور سپاہِ محمد پاکستان شامل ہیں ۔

ریڈ بک کے ایک حصے میں کراچی سے آپریٹ کرنے والے عسکریت پسندوں کی معلومات دی گئی ہیں۔ان میں وہ افراد بھی شامل ہیں جن کے سروں کی قیمت طے ہیں ۔یہی نہیں بلکہ سابق صدر جنرل پرویز مشرف پر حملوں میں ملوث ملزمان کے نام بھی اس بک میں شامل ہیں ۔ ان کا تعلق دو پڑوسی ممالک سے ہے ۔واضح رہے کہ بم دھماکوں اور دہشت گردانہ کارروائیوں سے نمٹنے کے لیے کائونٹر ٹیرا رزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)کی جانب سے ریڈ بک کا اجرا عمل میں آیاہے جبکہ ان میں دی گئی معلومات کا تبادلہ پنجاب ، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے اداروں سے بھی کیا گیا ہے ۔