اقوام متحدہ اور عالمی طاقتیں تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں،حریت کانفرنس

اتوار 6 اگست 2017 13:50

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اگست2017ء) مقبوضہ کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں اسکے گماشتوں نے کشمیری عوام کے خلاف ایک کھلی جنگ چھیڑ رکھی ہے، جسکا اگر عالمی برادری نے نوٹس نہ لیا تو یہ آگ اس پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی ۔حریت نے اقوامِ متحدہ اور عالمی طاقتوں امریکہ،روس اورچین وغیرہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لیتے ہوئے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اس پر دبائو ڈالیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں غیر قانونی طور پر نظر بند تحریک حریت جموںوکشمیر کے کارکن محمد رستم بٹ سکی کوٹ بلوال جیل میں گرتی ہوئی صحت اور بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی طرف سے سکھ حریت رہنما ایڈوکیٹ دیویندر سنگھ کو مسلسل حراست میں رکھنے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت نے انتقام گیری کی تمام حدیں پار کردی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت مکمل طور پر بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے او ر وہ حریت رہنمائوں اور کارکنوں کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کر کے انکے جذبہ آزادی کو دبانا چاہتی ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کے تمام تر جبر و استبداد کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنے عظیم شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوںنے غیر قانونی طور پر نظر بند تمام حریت رہنمائوں ، کارکنوں اور عام کشمیریوں کی فوری رہائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک تنازعہ کشمیر کو اسکے تاریخی پس منظر میں حل نہیں کیا جاتا ، کشمیری اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ترجمان نے کشمیری دانشوروں،قلمکاروں، وکلاء، تاجروں، آئمہ کرام، خطباء،، طلباء ، صحافیوں اور زندگی کے دیگر شعبوں سے وابستہ افراد سے اپیل کی وہ تحریک آزادی کے اس نازک موڑ پر اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنائیں اورتحریک آزادی کے خلاف بھارتی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے اپنا کردا ادا کریں۔

دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع بارہمولہ کے علاقے سوپور میں شہید ہونے والے تین کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوان اپنا آج قوم کے روشن کل کیلئے قربان کر رہے ہیں اور ان کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی مقبوضہ علاقے میں جاری قتل عام کی برابر کی ذمہ دار ہیں