مقبوضہ کشمیر:شبیرشاہ کا ساتھی سرینگر میں گرفتار،

اہلیہ سے نئی دہلی میں پوچھ گچھ محمود ساغرکا پارٹی چیئرمین کی مسلسل گرفتاری پر اظہارتشویش

پیر 7 اگست 2017 13:28

نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2017ء) بھارت کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری شبیر احمد شاہ کے ساتھی محمد اسلم وانی کو 10 سال پرانے جھوٹے کیس کے سلسلے میں گرفتار کرلیاہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نئی دہلی میںڈائریکٹوریٹ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ اسلم وانی کو سرینگر میں گرفتار کیاگیا اور ان کو دہلی لایا جائے گاتاکہ ان کو سپیشل جج کے سامنے پیش کرکے ان کا ریمانڈ حاصل کیاجائے۔

شبیر شاہ کو بھی اسی طرح 26جولائی کو سرینگر میں گرفتارکیا گیاتھا اور وہ بھی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی حراست میں ہیں۔ دونوں کو اگست 2005ء کے ایک کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ دہلی کی ایک عدالت نے 2010ء میں اسلم وانی کو بھری کردیا تھالیکن انفورسمنٹ ڈائریکٹویٹ نے شبیر شاہ اوراسلم وانی کے خلاف ایک اورفوجداری مقدمہ درج کرلیا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے نئی دہلی میں شبیر احمد شاہ کی اہلیہ سے بھی پوچھ گچھ کی جہاں وہ اپنے شوہر سے ملنے گئی تھیں۔

انہیں11اگست تک اپنی جائیداد کی دستاویزات دفتر میں جمع کرانے کے لیے کہا گیا ہے۔شبیر شاہ کی اہلیہ بلقیس شاہ نے صحافیوں کو بتایا کہ ان سے تقریباً 4 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی ۔ انہوں نے کہا انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ان کی زندگی، شادی، پڑھائی اور پیشے کے بارے میں ان سے ایک تحریری بیان لیا۔ڈاکڑ بلقیس شاہ نے کہا کہ پہلے انہوں نے ڈائریکٹوریٹ کے سوالات کا جواب دینے سے انکار کیا تھا لیکن انہیں جواب دینے کے لیے مجبور کیا گیا۔

ادھر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے نائب صدر محمود احمد ساغر نے پارٹی چیئرمین شبیر احمد شاہ کی مسلسل گرفتاری پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور انسانی حقوق کی دیگر عالمی تنظیموںپر زوردیا کہ وہ شبیر شاہ کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کا نوٹس لیں۔محمود ساغر نے اسلامی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام ایک مکتوب میں کہا کہ شبیر شاہ کئی عارضوں میں مبتلا ہیںاور انہیں نئی دہلی میں حوالات میں رکھا گیا ہے جہاںکی صورتحال انتہائی ناگفتہ بہہ ہے۔

متعلقہ عنوان :