پی سی بی کے نان گورننگ بورڈ نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

نجم سیٹھی اسی بورڈ کے ذریعہ 9 اگست کو شہریار خان کے جانشین بنیں گے

پیر 7 اگست 2017 13:47

پی سی بی کے نان گورننگ بورڈ نے ذمہ داریاں سنبھال لیں
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 اگست2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے نان کرکٹر گورننگ بورڈ نے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ نجم سیٹھی اسی بورڈ کے ذریعہ 9 اگست کو شہریار خان کے جانشین بنیں گے۔پی سی بی کا نیا گورننگ بورڈ نے ذمہ داریاں سنبھالی لی ہیں جس میں کوئی کرکٹر شامل نہیں ہے۔ سابقہ دور میں اس صورتحال پر تنقید کے بعد مدثر نذر کی زیرنگرانی کرکٹ کمیٹی قائم کردی گئی جس کے ممبران میں اقبال قاسم، ندیم خان اور ویمن کرکٹر عروج ممتاز شامل تھیں۔

ایک سال میں کمیٹی کے 2 ہی اجلاس ہوسکے۔ یہی نہیں نان کرکٹرشکیل شیخ کی سربراہی میں ڈومیسٹک افیئرز کمیٹی بھی قائم ہوئی۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈرافٹنگ کی تجویزبھی اسی کمیٹی نے پیش کی جس نے ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر کو بھی اعتماد میں نہیں لیا۔

(جاری ہے)

نئے گورننگ بورڈ میں 4 ریجن اور 4 ڈیپارٹمنٹس کے نمائندے شامل ہیں جن میں کوئی بھی سابق کرکٹر نہیں ہے۔

نجم سیٹھی اور اعجاز عارف کو سابق وزیراعظم نواز شریف نے نامزد کیا۔ اب یہی گورننگ بورڈ میں 9 اگست کو نجم سیٹھی کو شہریارخان کا جانشین منتخب کرے گا۔مصباح الحق اور یونس خان کو ریٹائرمنٹ کے بعد بورڈ میں عہدے دینے اور الوداعی تقاریب کے دعوے کئے گئے لیکن یہ محض دعوے ہی رہے اور شہریار خان کے عہدے کی میعاد ختم ہوگئی۔ نجم سیٹھی نے اختیار اپنے ہاتھوں میں رکھنے کے لئے چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی کے عہدے پر قبضہ کر رکھا تھا۔ ان کے پی سی بی چیئرمین بننے کے بعد ایگزیکٹیو کمیٹی کی نام نہاد سربراہی اعجاز عارف کو سونپی جاسکتی ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں نجم سیٹھی کی نامزدگی کے خلاف کیس کی سماعت 10 اگست کو ہوگی۔