مصباح ، یونس اور آفریدی کو شہریار خان ''منتظر'' چھوڑ گئے

پی سی بی کی جانب سے سابق کپتانوں کیساتھ کیا گیا الوداعی تقریب کا وعدہ وفا نہ ہوسکا ، خود کریڈٹ لینے کیلئے نجم سیٹھی اینڈ کمپنی نے جان بوجھ کر معاملے کو لٹکایا،پی سی بی ذرائع

پیر 7 اگست 2017 18:10

مصباح ، یونس اور آفریدی کو شہریار خان ''منتظر'' چھوڑ گئے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 اگست2017ء) قومی کرکٹ ٹیم کے تین سابق کپتانوں کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کرنے کا وعدہ وفا نہ ہوسکا ، شہر یار خان کے عہدے کی مدت ختم ہو گئی اور وہ گھر بھی چلے گئے مگر سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق ، یونس خان اور شاہد آفریدی آج بھی اپنے اعزاز میں تقریب کے منتظر ہیں ۔

(جاری ہے)

سب سے زیادہ ٹیسٹ کامیابیاں سمیٹنے والے مصباح اور ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنانے والے واحد پاکستانی بلے باز یونس خان نے رواں سال مئی میں دورہ ویسٹ انڈیز پر انٹر نیشنل کرکٹ کو الوداع کہا جبکہ شاہد آفریدی نے سپر لیگ کے دوران عالمی کرکٹ سے رخصتی کا اعلان کیا تھا ، میڈیا کی جانب سے فیئر ویل کا معاملہ اٹھانے پر بورڈ نے لیجنڈز کے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے کا اعلان کیا ،شہریار نے تو یہاں تک کہا کہ مصباح اور یونس بورڈ میں جو بھی ذمہ داری چاہیں گے انہیں دی جائے گی مگر 4 اگست کو عہدے سے رخصت ہونے والے شہریار آخری وقت تک ان تینوں کیلئے ایک تقریب کا اہتمام بھی نہ کرسکے ، انہوں نے 29 جولائی کو بھی تقریب کا عندیہ دیا مگر ایسا ممکن نہ ہوسکا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ سیٹھی اینڈ کمپنی اس کا کریڈٹ خود لینا چاہتی ہے اس لئے شہریار کی موجودگی میں اس کام کو لٹکائے رکھا اور اب نجم سیٹھی چیئرمین بننے کے بعد سابق و موجودہ کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کریں گے ۔