یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے ہزارہ سکوائش کمپلیکس کوئٹہ کے زیراہتمام آل بلوچستان جشن آزادی سکوائش ٹورنامنٹ جاری

پیر 7 اگست 2017 20:35

یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے ہزارہ سکوائش کمپلیکس کوئٹہ کے زیراہتمام ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2017ء) یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے ہزارہ اسکوائش کمپلیکس کوئٹہ کے زیراہتمام آل بلوچستان جشن آزادی اسکوائش ٹورنامنٹ 05اگست 2017ء سے کامیابی سے جاری ہے۔ ٹورنامنٹ میں چار مختلف کیٹیگریز میں 80کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ خواتین سینئرز اور جونیئرز میں 16,16کھلاڑی جبکہ مرد سینئر مین 32اور جونیئرز میں 16کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

مقررہ اسکوائش کمپلیکس1988ء سے صوبے میں اسکوائش کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔ جشن آزادی اسکوائش ٹورنامنٹ کا افتتاح اسکوائش کے نامور سابق کھلاڑی اور کوچ لالہ گل بہادر نے کیا جن کی کوچنگ کی بدولت بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں زرق جہاں نے عالمی سطح پر آٹھویں اور شاہد زمان نے عالمی سطح پر 12ویں پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ولی خلجی سمیت درجنوں کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر ملک وصوبے کا نام روشن کیا۔

مقررہ اسپورٹ کمپلیکس میں یہ مقابلے اپنی مدد آپ کے تحت منعقد کروائے جارہے ہیں جس سے نہ صرف اس کھیل کو فروغ ملے گا بلکہ قومی ہم آہنگی اور یگانگت اور آپس میں محبت وبھائی چارہ بڑھے گا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لالہ گل بہادر نے کہا کہ بلوچستان عالمی سطح کے کھلاڑی پیدا کئے اور صوبے کے واحد اسکوائش کمپلیکس سے تربیت حاصل کرنے والے کھلاڑی آج ناروے ، کینیڈا اور برطانیہ میں کھیلنے کے ساتھ ساتھ کوچنگ کے فرائض بھی سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کمپلیکس میں کھلاڑیوں کو کوچنگ فراہم کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے حکومت سے بھی سرپرستی کی اپیل کی۔