کے الیکٹرک سے ہرطبقے کا شہری پریشان ہے، حافظ احمدعلی

پیر 7 اگست 2017 22:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 اگست2017ء) جمعیت علماء اسلام سندھ کے جنرل سیکریٹری حافظ احمدعلی نے کہاہے کہ کے الیکٹرک انتظامیہ نے لوگوں کی زندگی اجیرن کررکھی ہے، اس ادارے کے خلاف شکایات کا انبارلگ چکاہے، شہر میں رہنے والے ہرطبقے کا شہری پریشان ہے ،لوڈشیڈنگ اور زائد بلنگ قوم کو اذیت میں مبتلاکررہی ہے،حکومت فوری طورپر اس جانب دھیان دے اور عوام کے اس دیرینہ مسئلے کو فوری حل کرے۔

یہ باتیں انہوں نے اپنے دفتر میں نیوکراچی اور نارتھ کراچی کے کاروباری حضرات اور کے الیکٹرک کے گھریلوصارفین کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔اس موقع پروفد کے اراکین نے نیوکراچی کے پررونق علاقوں پیلااسکول،سندھی ہوٹل،باڑہ مارکیٹ،گودھراکالونی،یوپی سوسائٹی،ناگن چورنگی اور دیگر علاقوں میں کے الیکٹرک کی جانب سے گزشتہ کئی سالوں سے جاری بدترین ظلم وستم اور زائد بلنگ پر صدائے احتجاج بلندکرتے ہوئے کہاہے کہ کے الیکٹرک کی اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عوام کا جینے کے ساتھ ساتھ کاروبارکرنابھی بہت مشکل ہوگیاہے، پرانے تاروںکی وجہ سے علاقے میں کیبل فالٹ اور جمپر کا گرناروزکامعمول بن چکاہے،کیونکہ کے الیکٹرک کاپر کے تار استعمال کرنے کے بجائے سلور وائر استعمال کررہی ہے،نیوکراچی اور نارتھ کراچی کے مکین اس صورتحال سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہناہے کہ یہ علاقے کراچی کی معیشت میں اہم کرداراداکرتے ہیںلیکن یہاں کی عوام کے ساتھ کے الیکٹرک کارویہ قابل مذمت اور افسوس ناک ہے۔انہوں نے پرزوراپیل کی کہ ہر یوسی کی سطح پر ہنگامی بنیادوں پر مہم چلاکر کے الیکٹرک صارفین کو بھیجے گئے اضافی بلوں کو فوری درست کرایاجائے اور 118پرکروائی جانے والی شکایات کابھی فوری نوٹس لیاجائے۔حافظ احمدعلی نے اپنی گفتگومیں مزید کہاکہ Kالیکٹرک اپنارویہ بدلے اور معاہدے کے مطابق عوام کو بجلی فراہم کرے ، کیبل فالٹس کو دورکیاجائے اور سلور کی تاروں کی جگہ فوری طورپر تانبے کی تاریں ڈال کر صارفین کو مطمئن کرے۔

متعلقہ عنوان :