کراچی:سبزی منڈی میں بجلی اور انفرااسٹرکچر کی سہولیات بحال نہ کی گئیں تو سبزی منڈی میں 5روزہ ہڑتال کریں گے،سبزی منڈی تاجر ایکشن کمیٹی

ْ کمشنر سے ملاقات ومذاکرات میں مسئلہ حل نہ ہوا تو ہم آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کریں گے،تاجر ایکشن کمیٹی نے 8اگست کو جماعت اسلامی کے کے الیکٹرک کے خلاف شاہراہ قائدین پر ہونے والے دھر نے میں بھی بھر پور شرکت کا اعلان کیا

پیر 7 اگست 2017 23:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2017ء) سبزی منڈی تاجر ایکشن کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ اگر کے الیکٹرک نے مارکیٹ کی بجلی بحال نہ کی اور سبزی منڈی میں بجلی اور انفرااسٹرکچر کی سہولیات بحال نہ کی گئیں تو سبزی منڈی میں 5روزہ ہڑتال کریں گے اور سپر ہائی وے پر دھر نا دے کر بند کردینگے ۔ایکشن کمیٹی نے واضح کیا کہ کمشنر سے ہماری کل ہونے والی ملاقات ومذاکرات میں مسئلہ حل نہ ہوا تو ہم آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

تاجر ایکشن کمیٹی نے 8اگست کو جماعت اسلامی کے کے الیکٹرک کے خلاف شاہراہ قائدین پر ہونے والے دھر نے میں بھی بھر پور شرکت کا اعلان کیا ۔ایکشن کمیٹی کے رہنماء حاجی باچان اللہ نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا شکریہ ادا کیا کہ وہ آج بھی ہمارے دھر نے میں شریک ہیں ۔

(جاری ہے)

نئی سبزی منڈی پر ہونے والے دھر نے سے راجہ شبیر ،طارق وطن ہار،حاجی صالح محمد ،عبد الرئوف تنولی ،عبد الرزاق شاہ ،نائب امیر جماعت اسلامی کراچی اسحاق خان ،امیر جماعت اسلامی وسطی منعم ظفر ،سابق ممبر صوبائی اسمبلی یونس بارائی ،ملک مقصود احمد نے بھی خطاب کیا ۔

جبکہ اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامد اور امیر جماعت اسلامی ضلع غربی عبد الرزاق خان ،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے ۔دھر نے میں اسمال ٹریڈرز کی جانب سے سبزی منڈی کے تاجروں کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا گیا ۔واضح رہے کہ 19دن سے مارکیٹ کی بجلی بند ہے اور آج احتجاج کا گیارواں دن ہے لیکن حکومت اور کے الیکٹرک کی جانب سے کوئی ٹھوس اور عملی اقدامات نہیں کیے گئے ۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدو جہد مظلوموں اور بے سہارا لوگوں کے لیے جدو جہد ہے ۔آج سبزی منڈی کا تاجر اور مزدور بنیادی انسانی ضرورتوں سے محروم ہے ۔پانی ،بجلی ،گیس انسان کی بنیادی ضرورت ہے ۔شہر کے ڈھائی کروڑ عوام کو اشیاء ضرورت سبزی ،فروٹ فراہم کر نے والے تاجروں اور مزدوروں کی بجلی کاٹ کر ان کا سکھ اور چین چھین لیا گیا ہے ۔

ان غریبوں کا جرم کیا ہے ۔کوئی بتانے والا نہیں بجلی کے بل ان سے وصول کیے جاتے رہے دیگر ٹیکس انہوں نے ادا کیے مگر کے الیکٹرک کے اہلکاروں نے ان کی بجلی کاٹ کر ان پر ظلم کیا ہے 17سال قبل سبزی منڈی یہاں منتقل ہوئی تھی مگر آج تک ان کے مسائل حل نہیں ہوسکے ۔17سال گزر گئے ہیں 500الاٹیز کو الاٹمنٹ نہیں دیئے گئے ۔سڑکیں اُدھڑ گئیں ہیں ،سیوریج کا نظام تباہ ہو گیا ہے ،برسات کے موسم میں منڈی تالاب بن جاتی ہے ۔

مارکیٹ میں گاہکوں اور تاجروں کا داخل ہو نا مشکل ہو جاتا ہے ۔مارکیٹ کمیٹی تاجروں سے رقمیں وصول کر تی رہی مگر اس کی ادائیگی نہیں کی گئی ۔کے الیکٹرک نے ظلم ڈھا ئے ہیں ۔اسی طرح سبزی منڈی کے تاجر اور مزدور اس کے ظلم کا شکا ر ہیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم مظلوم تاجروں کے ساتھ ہیں ۔ایشیا کی سب سے بڑی منڈی کے تاجروں کو ہم تنہا نہیں چھوڑیں گے ،آج بھی ہم دھر نے میں شامل ہیں ،کل اگرآپ نے فیصلہ کیا کہ سپر ہائے وے بند کر نا ہے یا پانچ روز کی ہڑ تال کر نی ہے تو ہم آپ کے ساتھ ہوں گے ۔

ہمارے کارکن اور ذمہ داران آپ کے ساتھ ہیں ۔امیر جماعت اسلامی وسطی منعم ظفر خان ،امیر جماعت اسلامی شرقی یونس بارائی ،عبد الرزاق خان ،اسحاق خان ،ملک مقصود سب یہاں آپ کے ساتھ موجود ہیں اور آپ کے مسائل کے حل تک ساتھ رہیں گے ۔ محمد اسحاق خان نے کہا کہ اس علاقے سے پیپلز پارٹی کا یوسی چئیر مین منتخب ہو ا ہے اس کی ذمہ داری بنتی ہے وہ یہاں کے لوگوں کے مسائل حل کرائے ۔

کیوں کہ اس نے یہاں سے ووٹ لیے ہیں مگر آج وہ مزدوروں اور متاثرہ تاجروں کے درمیان آنے کے لیے تیار نہیں ہے ۔ منعم ظفر نے کہا کہ ہمارے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے ۔آج سبزی منڈی کے تاجر بھی اسی کرپشن کا شکار ہیں ۔تاجر 55کروڑ روپے کی ادائیگیاں کر چکے ہیں مگر وہ رقم کہاں گئی بتانے والا کوئی نہیں اب کرپشن کے ذمہ داروں کے احتساب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ یونس بارائی نے کہا کہ ہر ظالم کا احتساب ہو گا ۔احتساب کا عمل شروع ہو چکا ہے ۔مارکیٹ کمیٹی میں کرپشن کر نے والے بھی احتساب سے نہ بچ سکیں گے ۔اب تاجروں کے ہاتھ ہوں گے اور مجرموں کے گریبان ہوں گے ۔#