گوہر ایوب خان کے مشن کو بڑھاتے ہوئے 11 سال قبل ہری پور کے 70 سے زائد گائوں کو گیس فراہم کی، عمر ایوب

منگل 8 اگست 2017 14:40

ہری پور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2017ء) سابق وزیر مملکت برائے خزانہ و اقتصادی امور عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ ہم نے سابق وزیرخارجہ گوہر ایوب خان کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے 11 سال قبل ضلع ہری پور کے 70 سے زائد گائوں کو گیس فراہم کی ہے، ایک ارب روپے کی لاگت سے خانپور سڑک تعمیر کروائی، ایک ارب سے زائد کا فنڈ ہونے کے باوجود اگلے کام نہیں ہو رہے۔

وہ منگل کو خانپور سورج گلی کے علاقہ چھچھ میں ملک اسلم کی رہائش گاہ پر ملک شیر افضل کی زیر صدارت بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق وزیرخارجہ گوہر ایوب خان، کونسلر ماسٹر اورنگزیب، ناظم پنڈ گجراں، ملک راقب، ملک رب نواز رانی واہ، حاجی سردار اسلم پڈھانہ، فیصل شاہ بخاری، ملک طاہر، ملک طارق، حاجی پرویز اختر، صوبیدار امانت، سعید اختر، ملک مسکین صدر، ملک حاجی چن زیب، ملک ارشاد، ماما صابر ، ملک محمد نواز سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ساتھیوں کے مشورہ سے آئندہ الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے، حلقہ این اے 19- میں پسماندہ علاقوں کی ترقی اولین ترجیح ہو گی، والدہ محترمہ کی بیماری کے باعث سابق الیکشن میں حصہ نہیں لے سکا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر خزانہ گوہر ایوب خان نے اپنے دور اقتدار میں ضلع ہری پور، حطار، خانپور، غازی کو اربوں روپے کی لاگت سے سوئی گیس کا بڑا منصوبہ دیا جس کی مثال نہیں ملتی۔ سابق وزیر مملکت برائے خزانہ عمر ایوب خان نے کہا کہ یہ جلسہ بالکل غیر سیاسی ہے، رنجشیں ختم کرنے کیلئے اس علاقہ کے عوام نے ایک جرگہ اکٹھا کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :