شاہراہ قراقرم کو چین تک پہنچانے والے ایوب خان تھے،

ضلع میں بجلی اور گیس کے جال بچھائے، گوہر ایوب خان

منگل 8 اگست 2017 14:40

ہری پور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2017ء) سابق وزیرخارجہ گوہر ایوب خان نے کہا ہے کہ شاہراہ قراقرم کو چین تک پہنچانے والے فیلڈ مارشل محمد ایوب خان تھے، ہم نے اپنے سابق دور اقتدار میں ضلع ہری پور کے عوام کو تین شعبوں میں ترقی دیکر ان کی طرز زندگی کو تبدیل کیا، ضلع بھر میں بجلی اور سوئی گیس کے جال بچھائے، مواصلات کو بڑی ترقی دی جس سے ان کے ضلع کے عوام کا پوری دنیا سے مواصلاتی رابطے بحال ہوئے۔

وہ منگل کو سورج گلی کے علاقہ چھچھ میں ملک اسلم کی رہائش گاہ پر ملک شیر افضل کی زیر صدارت ہونے والے عوامی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 1977ء کا الیکشن انہوں نے پھانسی گھاٹ جیل میں لڑا اور بھاری اکثریت سے وہ کامیاب ہوئے۔ ضلع ہری پور میں کوئی ایسا گائوں نہیں جہاں ہم نے بجلی نہ دی ہو۔

(جاری ہے)

ہم نے اپنے ادوار میں پہاڑوں کے کونے کونے تک بجلی کے جال بجھائے، آج کل عوام ایک ایک پول کیلئے ترس رہے ہیں۔

گوہر ایوب خان نے کہا کہ1992ء میں ضلع کے کونے کونے تک بجلی پہنچائی، ہری پور غازی، پنج کٹھہ، حطار، ثمبہ، کوٹ نجیب الله تک سوئی گیس کی لائن ہم نے دی ہے، آگے لیکر جانا آسان ہے، بنیادی کام مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم جمالی، شہباز شریف اور وسیم سجاد نے وہ اپنے ذاتی تعلقات کی بناء پر فنڈ لیتے رہے ہیں، علاقہ کھڑی کیلئے سوئی گیس منظور کروائی، آپ لوگ آئندہ آنے والے الیکشن میں سابق وزیر مملکت برائے خزانہ عمر ایوب کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں، یہ حلقہ این اے 19- کے عوام کی تقدیر بدل کر رکھ دیں گے۔