اتفاق رائے کے بغیر کالا باغ ڈیم نہیں بنائیں گے

وفاقی وزیر پانی سید جاوید علی شاہ کا قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال

منگل 8 اگست 2017 14:45

اتفاق رائے کے بغیر کالا باغ ڈیم نہیں بنائیں گے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2017ء) وفاقی وزیر پانی سید جاوید علی شاہ نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم کسی کی پسند و ناپسند کا مسئلہ نہیں‘ اتفاق رائے کے بغیر کالا باغ ڈیم نہیں بنائیں گے‘ محض نفرت کی بنیاد پر منصوبوں کو مسترد کرنا قومی مفاد میں نہیں ہے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں نواب محمد یوسف تالپور نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ تربیلا ڈیم میں پانی کی سٹوریج کے معاملے پر واپڈا کی طرف سے ارسا کے فیصلے کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔

روزانہ دو فٹ پانی سٹور نہ کیا گیا تو ہمیں آئندہ دنوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ واپڈا کی جانب سے ارسا کے فیصلے کو نظر انداز کرنے کے معاملے کی تحقیقات کرائی جائیں۔ کالا باغ ڈیم کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

اس کے جواب میں پانی کے وفاقی وزیر سید جاوید علی شاہ نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کسی کی پسند اور ناپسند کی بات نہیں۔ چاروں صوبوں کی زنجیر بننے کے دعوے داری معاملے پر ہمیں قائل کریں۔

اتفاق رائے کے بغیر کالا باغ ڈیم نہیں بنائیں گے۔ اتفاق رائے ہوگیا تو پھر یہ بنے گا۔ محض نفرت کی بنیاد پر اس طرح کے منصوبوں کو مسترد کرنا ملک ملک دشمنی کی بات ہوگی۔ شگفتہ جمانی نے کہا کہ وزیر پانی نے کالا باغ ڈیم کے حوالے سے بات کرکے ہماری دل آزاری کی ہے۔ ایک مردہ منصوبے کو زندہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تین صوبائی اسمبلیوں کی قراردادوں میں اس کی مخالفت کی گئی ہے۔ پارلیمنٹ لاجز میں کل وقتی ڈاکٹر تعینات کیا جائے۔