نواز شریف کو موٹروے بنانے، ایٹمی دھماکا کرنے اور اب سی پیک بنانے کی سزا دی گئی،کیپٹن (ر) محمد صفدر

منگل 8 اگست 2017 15:21

نواز شریف کو موٹروے بنانے، ایٹمی دھماکا کرنے اور اب سی پیک بنانے کی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2017ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اس ملک میں موٹروے بنائی تو ان کی حکومت 58 ٹو بی لگا کر ختم کردی گئی‘ انہوں نے ایٹمی دھماکہ کیا تو آمر نے انہیں اقتدار سے نکال کر جلاوطن کردیا اور اب سی پیک بنانے کی سزا انہیں دی گئی ہے، غلام سرور خان کے خلاف آج بھی بجلی چوری اور ٹیکسلا کے پہاڑ چاٹ جانے کے مقدمات درج ہیں۔

منگل کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ غلام سرور کا میں احترام کرتا ہوں ان کی جانب سے جو الفاظ نواز شریف کے بارے میں ادا کئے وہ ان کو زیب نہیں دیتے۔ نواز شریف کو 62,63 نہیں اقامہ کی بنیاد پر نااہل قرار دیا گیا۔ نواز شریف نے موٹروے بنائی تو 58 ٹو بی لگا دیا گیا۔

(جاری ہے)

ایٹمی دھماکا کیا تو آمر نے اقتدار پر قبضہ کرکے جلا وطن کیا۔

غلام سرور خان نے آمر کا ساتھ دیا۔ اس ملک کی عدالتوں نے ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دی قوم نے کیا یہ فیصلہ مانا انہوں نے کہا کہ غلام سرور خان پر بجلی چوری کے مقدمات ہیں وہ عدالتوں میں پیش ہوتے رہے۔ ان کو ہم نے ضمنی الیکشن میں شکست دی۔ نواز شریف کو سی پیک اور گوادر بنانے کی سزا دی گئی۔ نواز شریف کو معاشی پاکستان بنانے کی سزا دی جارہی ہے۔ 2018ء کے بعد ہم اسلامی پاکستان کا دھماکہ کریں گے۔