سانحہ ماڈل ٹائون پر جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ پبلک کی جائے ،پاکستان کا مستقبل کرپٹ حکمرانوں کے ہاتھوں میںمحفوظ نہیں ‘

شاہ محمود قریشی نواز شریف این آر او مانگنے کیلئے باہر نکل رہے ہیں ،فوج سے راستہ مانگ رہے ہیں ،شاہد خاقان کو چیلنج ثابت نہ کر سکا تو سیاست چھوڑ دونگا‘ شیخ رشید تحریک قصاص میں طاہرالقادری کا ساتھ دیں گے،ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کا لہو ریاست سے انصاف مانگ رہا ہے‘ صاحبزادہ حامد رضا

منگل 8 اگست 2017 19:32

سانحہ ماڈل ٹائون پر جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ پبلک کی جائے ،پاکستان کا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سانحہ ماڈل ٹائون پر جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ پبلک کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل کرپٹ حکمرانوں کے ہاتھوں میںمحفوظ نہیں ہے ،حکمران خود ہی جمہوریت کے خلا ف سازش کر رہے ہیںاور جھگڑے کی صورت میں نظام کو لپیٹنا چاہتے ہیں ، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد عوامی جمہوریت کا سورج طلوع اور حکمرانوں کے اقتدار کا سورج غروب ہوتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی تحریک کے زیر اہتمام ڈاکٹر طاہر القادری کے استقبال اور شہداء ماڈل ٹائون کے ورثاء سے اظہار یکجہتی کے لئے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شیخ رشید ، صاحبزادہ حامد رضا ،چوہدری سرور، صمصام بخاری، چوہدری ظہیر الدین اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی کل بھی مظلوموں کے ساتھ تھی اور آج بھی ساتھ ہے ، ہم مصلحت کا شکار ہوئے اور نہ ہوں گے ۔

ماڈل ٹائون کے شہداء کے ورثاء کی عظمت کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے ۔ میں تحریک انصاف کی طرف سے مطالبہ کرتا ہوں کہ جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کو پبلک کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ حکمران کہتے ہیں کہ ہم سپریم کورٹ کا احترام کرتے ہیں لیکن ان کی آنیاں جانیاں دیکھو اور کہانیاں سنو ۔ آج کا اجتماع چوروں، لٹیروں ، مافیا کے احتساب کا مطالبہ کرتا ہے ۔

شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کو 14شہداء کی بد دعا لگی ہے ، اب یہ گلی گلی سڑکوں پر ٹھوکریں کھائیں گے ، شہداء کا خون قبر کی دیوار تک ان کا پیچھا نہیں چھوڑے گا ۔ انہوںنے کہا کہ اب یہ عدلیہ اور فوج کے خلاف نکل رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ نیب نے عدالت میں یہ وعدہ کیا تھا اور کمٹمنٹ دی تھی کہ سات روز کے اندر سپریم کورٹ میں آئیں گے کہ اب ٹائم باٹ ختم ہو گیا ہے اور کیسز کھولنے کی اجازت دی جائے ۔

میں اعلان کرتا ہوں کہ میں ہتک عزت کے لئے سپریم کورٹ جائوں گا کہ کیوں سپریم کورٹ میں درخواست دائر نہیں کی گئی ۔ انہوںنے کہا کہ اگر جی ٹی روڈ پر کوئی حادثہ پیش آیا ،اگر غریب کا بچہ مارا گیا تو اس کی ایف آئی آر بھی آپ پر کٹے گی ۔ بیٹا باپ کو ڈیڑھ ارب روپے تحفے میں دیتا ہے جبکہ یہ کہتے ہیں کہ ہمارا صرف منا سا اقامہ نکلا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف این آر او مانگنے کیلئے باہر نکل رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ انہیں راستہ دیا جائے ،اگر کسی نے انہیں راستہ دیا تو پوری قوم اس کے سامنے کھڑی ہو گی۔

انہوںنے کہا کہ شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 13اگست کو راولپنڈی میں تاریخی جلسہ کروں گا آپ لوگوںنے اپنے خرچے اور اپنے کھانے پر آنا ہے ، میرے ساتھ عوامی تحریک والا وعدہ کرنا (ن )لیگ والا نہ کرنا ۔ انہوں نے کہا کہ میں شاہد خاقان عباسی کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ جس چوک چوراہے ، اسمبلی یا ٹی وی پر آجائیں میں ثابت کروں گا کہ ایل جی این جی کا معاہدہ مہنگا ترین اور 13فیصد کمیشن پر کیا گیا اور اگر میں یہ ثابت نہ کر سکا تو ساری زندگی کے لئے سیاست کو خیر باد کہہ دوں گا۔

انہوںنے کہا کہ حکمران کہتے ہیں کہ ہم نہیں ہوں گے تو جمہوریت نہیں ہو گی ۔پاک فوج نے کہہ دیا ہے کہ آئین و قانون کی حکمرانی ہو گی ۔ کور کمانڈرز نے بھی کہاہے کہ ریاست سے آگے کوئی نہیں ۔سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ تحریک قصاص میں طاہرالقادری کا ساتھ دیں گے۔ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کا لہو ریاست سے انصاف مانگ رہا ہے۔

تحریک قصاص قاتلوں کو پھانسی کے پھندے تک پہنچائے بغیر ختم نہیں ہو گی۔ (ن) لیگ کا ریاستی اداروں کو متنازعہ بنانا سیاسی انتہاپسندی ہے۔ کوئی مائی کا لال 62، 63 کو آئین سے نہیں نکال سکتا۔ جی ٹی روڈ کی پارٹی آخر کار جی ٹی روڈ پر آ گئی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک قصاص کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔ چور کی طرح قاتل بھی اپنے انجام کو ضرور پہنچے گا۔

پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری ظہیرالدین خان نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کے قائد چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے متاثرین کو فوری انصاف فراہم کیا جائے، جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ شائع کی جائے، شہداء ماڈل ٹائون کو ہم خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کا ہر ورکر عوامی تحریک کے ساتھ کھڑا ہے، ڈاکٹر طاہر القادری کو حکمرانوں نے ہر طریقے سے دبانے کی کوشش کی مگر وہ جھکے نہ بکے، اس وقت کشمیر میں چھ لاکھ بھارتی فوج قابض ہے مگر انہوں نے وہ کام نہیں کیا جو ماڈل ٹائون میں پنجاب پولیس نے کیا، درود پڑھتی خواتین اور بچوں پر سیدھی گولیاں چلائی گئیں۔