حکومت ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے تیزی سے اقدامات کررہی ہے،وزیر اعظم

صارفین کو سستی بجلی فراہم کرنے کیلئے تھر کے کوئلے سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کیا جائے ،پٹرولیم اور بجلی کی ڈویژن بجلی کی پیداوار کیلئے تیل کے استعمال کے رجحان کو کم کرکے اس مقصد کیلئے قدرتی گیس اورمقامی کوئلے کے استعمال پرتوجہ دینے کیلئے لائحہ عمل وضع کریں،شاہد خاقان عباسی کی توانائی بارے اجلاس میں ہدایت

منگل 8 اگست 2017 20:17

حکومت ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے تیزی سے اقدامات کررہی ہے،وزیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 اگست2017ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور پاکستان کا مستقبل روشن بنانے کیلئے تیزی سے اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے یہ بات منگل کے روز اسلام آباد میں توانائی کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملکی ضروریات پوری کرنے کی غرض سے مختلف ذرائع سے توانائی کے حصول کیلئے کوششیں کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے صارفین کو سستی بجلی فراہم کرنے کیلئے تھر کے کوئلے سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے پٹرولیم اور بجلی کی ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ بجلی کی پیداوار کیلئے تیل کے استعمال کے رجحان کو کم کرکے اس مقصد کیلئے قدرتی گیس اورمقامی کوئلے کے استعمال پرتوجہ دینے کیلئے لائحہ عمل وضع کریں۔وزیراعظم نے کہاکہ پانی کی حفاظت پاکستان اور حکومت کیلئے ایک اہم مسئلہ ہے ۔توانائی اور پٹرولیم ڈویژنز کے سیکریٹریز نے وزیراعظم کو توانائی کے منصوبوں اور لوڈمینجمنٹ پلان سے آگاہ کیا۔اجلاس میں وزیر مملکت توانائی عابد شیر عالی ،وزیر مملکت پٹرولیم جام کمال خان اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی ۔