آئندہ برس تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ بہت کم ہو جائے گی ، ملک کو اتحاد و اتفاق کی بہت سخت ضرورت ہے ، ڈیرہ غازی خان سے ژوب تک موٹروے سی پیک کا حصہ بن گئی ہے ، بلوچستان کے مختلف حصوں کو ملانے کے لئے سو کلو میٹر سڑکیں تعمیر کی گئی، کوئٹہ میں پانی کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت نے ایک ارب روپے فراہم کر دیئے ہیں

صدر ممنون حسین کی بلوچستان کے اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کے دوران گفتگو

منگل 8 اگست 2017 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 اگست2017ء) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ آئندہ برس تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ بہت کم ہو جائے گی ، ملک کو اتحاد و اتفاق کی بہت سخت ضرورت ہے ، ڈیرہ غازی خان سے ژوب تک موٹروے سی پیک کا حصہ بن گئی ہے ، بلوچستان کے مختلف حصوں کو ملانے کے لئے سو کلو میٹر سڑکیں تعمیر کی گئی، کوئٹہ میں پانی کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت نے ایک ارب روپے فراہم کر دیئے ہیں۔

منگل کو بلوچستان کے اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہاکہ بلوچستان کے 50 بچوں کو چینی زبان سیکھانے کے لئے سکالر شپ دیئے گئے، موجودہ بجٹ میں بلوچستان کی جامعات کے لئے خطیر رقم رکھی گئی ہے ، بلوچستان کے ترقیاتی منصوبے تیز رفتاری سے مکمل کیے جائیں گے ، نمل یونیورسٹی کو گوادر میں کیمپس بنانے کے لئے ایوان صدر نے فنڈز فراہم کر دیئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انھوںنے کہاکہ بلوچستان ترقی کی منازل تیزی سے طے کرے گا ،اقتصادی راہداری منصوبے کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہو گا ، بلوچستان میں 100 چھوٹے ڈیم بنانے کے لئے فنڈز مختص کر دیئے گئے ، نئی نسل اور خاص طور پر لڑکیوں کی تعلیم پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔انھوں نے کہاکہ بلوچستان کی طالبات پبلک سروس کمیشن امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھا رہی ہیں ، بلوچستان کی ترقیاتی سکیموں کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا ۔