مسلم لیگ ن کی ریلی ،ٹریفک پولیس پنجاب اور موٹروے پولیس نے عوام کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کیلئے متبادل ٹریفک روٹ پلان و ڈائیورشن پلان ترتیب دیدیا

بدھ 9 اگست 2017 01:00

مسلم لیگ ن کی ریلی ،ٹریفک پولیس پنجاب اور موٹروے پولیس نے عوام کی سہولت ..
لاہور۔8 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2017ء) ٹریفک پولیس پنجاب نے عوام کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کے لیے مسلم لیگ ن کی ریلی براستہ جی ٹی روڈ راولپنڈی سے لاہور تک موٹروے پولیس سے مل کر متبادل ٹریفک روٹ پلان و ڈائیورشن پلان تر تیب دید یا ہے ، عوام سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ سفر کرنے سے پہلے جی ٹی روڈ کے ٹریفک پلان کے متعلق موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130، لاہور ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 15، راولپنڈی اور گوجرانوالہ ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915پر رابطہ قائم کریں، لاہور سے راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور جانے والی ٹریفک موٹر وے کو استعمال کرے اگر جی ٹی روڈ پر جانا مقصود ہو تو پہلے ہیلپ لائن سے چیک کر لیں کہ جی ٹی روڈ بوجہ ریلی بندتو نہیں ہے، ٹریفک پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ آزاد کشمیر اور جنوبی پنجاب کی ٹریفک کو متبادل روٹس سے گزارے تا کہ ان علاقوں کے لوگوں کو آمدورفت کے سلسلہ میں دشواری نہ ہو، 09تا 11اگست تک جی ٹی روڈ لاہور سے راولپنڈی ہیوی ٹریفک کے داخلہ پر پابندی عائد ہو گی، ٹرانسپورٹر حضرات سے گزارش ہے کہ ان ایام میں متبادل ٹریفک روٹس استعمال کریں، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے ڈی پی او شیخوپورہ، گجرات، جہلم اور سی ٹی او لاہور، گوجرانوالہ اور راولپنڈی کو ہدایات جاری کی ہیں کہ پبلک ٹرانسپورٹ، ایمبولینس، فائر بریگیڈ گاڑیوں کو متبادل روٹس سے گزارا جائے اور متبادل روٹس کے بارے میں لوگوں کو الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے ذریعہ آگاہی دی جائے، ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروے کار لائے جائیں تا کہ پبلک کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔