امریکہ میں مقیم کشمیری و پاکستانی امریکی کانگریس اور سیاستدانوں کے ساتھ روابط بڑھائیں اور سیاسی اثر و رسوخ پیدا کریں، نئی نسل کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آگے لایا جائے تاکہ وہ امریکہ کے با اثر طبقات اور عوام کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کر سکیں

صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کی جسٹس اینڈ فریڈم پارٹی کے رہنما سردار امتیاز گڑالوی کی قیادت میں وفد سے گفتگو

بدھ 9 اگست 2017 16:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2017ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے امریکہ میں مقیم کشمیری و پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا ہے کہ وہ امریکی کانگریس اور سیاستدانوں کے ساتھ روابط بڑھائیں اور اپنا سیاسی اثر و رسوخ پیدا کریں، اپنے پڑھے لکھے بچوں اور نئی نسل کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آگے لایا جائے تاکہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے امریکہ کے با اثر طبقات اور عوام کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کر سکیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں امریکہ سے آئے ہوئے جسٹس اینڈ فریڈم پارٹی کے رہنما سردار امتیاز گڑالوی کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ امریکہ میں آباد کشمیری کمیونٹی بڑی فعال ہے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے سالانہ اجلاسوں کے مواقع پر کشمیری و پاکستانی کمیونٹی احتجاج کر کے دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کی طرف مبذول کرانے کی کوشش کر تی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور یورپ میں بھارت کمیونٹی بہت فعال اور متحرک ہے جو اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔ اس لیے ان کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں بھی اپنی کمیونٹی کو اسی انداز میں منظم کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر امتیاز گڑالوی نے صدر آزاد کشمیر کو نیویارک اور واشنگٹن میں کشمیری کمیونٹی کی سرگرمیوں اور آئندہ کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔