اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین حل کرانے میں ناکام ہو چکا ہے ، سلطان عتیق

مسئلہ کشمیر اور فلسطین حل کئے بغیر دنیا کو پرامن بنانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا، تقریب سے خطاب

بدھ 9 اگست 2017 19:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اگست2017ء) غریب آدمی پارٹی پا کستا ن کے سیکر ٹری جنر ل میاں سلطان عتیقنے کہا ہے کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین حل کروانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے ، بھارتی حکو مت کشمیریوں اور اسرائیلی حکمران فلسطینیو ں کا قتل عام کر رہے ہیں انسانیت کے اس قتل عام پر عالمی امن کے ٹھیکیداروں کی خاموشی قابل مذمت اور افسوس ناک ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گذشتہ روز مقامی ہو ٹل میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔ انہو ں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین حل کئے بغیر دنیا کو پرامن بنانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا لہذا دنیا بھر کے ممالک کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلانے اور فلسطینی عوام پر اسرائیلی فوج کے انسانیت سوز مظالم بند کرانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ سلامتی کونسل طاقتور ممالک کا کلب بن چکا ہے اس نے آج تک جوبھی فیصلے کئے ہیں وہ صرف اپنے مفادات کو سامنے رکھ کر کئے ہیں ، مشرقی تیمور کی علیحدگی اور سوڈان کی تقسیم تو انہو ں نے بلا تاخیر کر دی لیکن مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل کی جانب انہوں نے کوئی توجہ نہیں دی جوافسوس ناک امر ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ کرہ ارض کی سلامتی اور اس پر موجود زندگی کی بقاء کیلئے لازم ہے کہ امن و آشتی، بقائے باہمی اور صبروتحمل کے جذبات کو فروغ دیا جائے ۔