سپریم کورٹ نے حلقہ پی پی 4 راولپنڈی میں ضمنی الیکشن روکنے کی استدعا مسترد کردی شوکت عزیز بھٹی کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مشروط اجازت

بدھ 9 اگست 2017 19:33

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2017ء) سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 4 راولپنڈی میں ضمنی الیکشن روکنے کی استدعا مسترد کردی، الیکشن ٹربیونل کی جانب سے نااہل کئے جانے والے شوکت عزیز بھٹی کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مشروط اجازت دیدی ہے۔ بدھ کو جسٹس دوست محمد اور جسٹس مشیر عالم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

یاد رہے کہ شوکت عزیز کو ان کے حریف افتخار کیانی کی جانب سے جعلی ڈگری چیلنج کرنے کی بنیاد پر الیکشن ٹربیونل نے نااہل کیا تھا جس کے خلاف انہوں نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ سماعت کے دوران شوکت عزیز کے وکیل نے پیش ہو کر عدالت کے روبرو مؤقف اپنایا کہ ان کے مؤکل کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کو تین سال بعد مخالف امیدوار نے چیلنج کیا تھا اس لئے استدعا ہے کہ حلقہ میں ضمنی الیکشن روکنے کیلئے دائر درخواست مسترد کی جائے ، جبکہ افتخار کیانی کے وکیل لطیف کھوسہ کاکہناتھا کہ ٹریبونل کوکسی بھی امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد کامیاب رکن کیخلاف فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل ہے اس لئے استدعا ہے کہ ضمنی الیکشن کیلئے جاری الیکشن شیڈول کو معطل کیا جائے جس پر جسٹس دوست محمد کھوسہ نے کہا کہ اگر عدالت نے کاغذات نامزدگی چیلنج کرنے کی اس طرح اجازت دی تو یہ سلسلہ چل نکلے گا۔

(جاری ہے)

اپیل میں جو قانونی نکات اٹھائے گئے ہیں وہ پیچیدہ نکات ہیں۔ اپیل پر فیصلہ تین رکنی بنچ ہی کر سکتا ہے۔ شوکت عزیز بھٹی کی کاغذات نامزدگی کی منظوری عدالتی فیصلہ سے مشروط ہو گی۔ بعد ازاں مزید سماعت ایک ہفتہ کیلئے ملتوی کر دی گئی۔