اپر دیر میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کے میجرعلی سلیمان سمیت 4جوانوں کی شہادت پر محمد فاروق ستار کااظہار افسوس

دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج ،سیکورٹی اداروںکی قربانیوںسے ثابت ہوتا ہے ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے ، سربراہ ایم کیو ایم پاکستان

بدھ 9 اگست 2017 23:06

اپر دیر میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کے میجرعلی سلیمان ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے اپر دیر میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کے میجرعلی سلیمان سمیت 4جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہا رکیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج اور سیکورٹی ادارے جس طرح سے قربانیاں دے رہے ہیں اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور دہشت گردتمام تر سازشوں اور دہشت گردی کے باوجود ملک و قوم پر ہرگز مسلط نہیںہونے دیاجائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور قوم کا یہ عزم ہے کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور اس مقصد کیلئے نیشنل ایکشن پلان کی خامیوں کو دور کیاجائے اور اس پر اس کی روح اور متن کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایاجائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کا مقابلہ جواں مردی سے مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کے میجر علی سلیمان شہید اور جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ جس ملک و قوم کا دفاع پاک فوج جیسے منظم ادارے کے ہاتھ میں ہو اسے بیرونی اور اندرونی سازشیں اور دہشت گردی کے مذموم واقعات ہرگز زیر نہیں کرسکتے اور انشاء اللہ تعالیٰ دہشت گرد ایک ایک کرکے اپنے منطقی انجام تک ضرور پہنچیں گے ۔

انہوں نے میجر علی سلیمان اور دیگر جوانوں کے سوگوار لواحقین اور پاک فوج سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے ۔