مقبوضہ کشمیر،آزادی پسند تنظیموں کی پر امن مظاہرین پر فائرنگ کی مذمت، شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت

ْ بھارت نے اپنی فوج کو نہتے کشمیریوں کے قتل کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے،حریت کانفرنس اور دیگر

جمعرات 10 اگست 2017 13:28

مقبوضہ کشمیر،آزادی پسند تنظیموں کی پر امن مظاہرین پر فائرنگ کی مذمت، ..
سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2017ء) مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند رہنمائوں اور تنظیموں نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے ترال میں پر امن مظاہرین پر فائرنگ اور نوجوان کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے اپنی فوج کو نہتے کشمیریوں کے قتل کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں فائرنگ سے شہید ہونے والے نوجوان محمد یونس شیخ اور دیگر شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قابض فورسز ایک طرف نہتے کشمیری نوجوانوں کی قتل کر رہی ہیں جبکہ دوسری طرف عوام کو اس قتل وغارت کیخلاف پر امن طو رپر آواز بلند کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی ہے ۔

تحریک حریت جموں کشمیر ، تحریک کشمیر خواتین ،جموںوکشمیر سالویشن موومنٹ، وائس آف وکٹمز کے علاوہ پیروان ولایت اور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی اپنے بیانات میں پر امن مظاہرین پر فائرنگ کے نتیجے میں سولہ سالہ طالب علم محمد یونس شیخ کے قتل اور کئی دیگر افراد کے زخمی ہونے کی شدید مذمت کی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کے سبب مسئلہ کشمیر عالمی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیے بغیر خطے میں دیرپا امن کے قیام کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔جموں کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے ترجمان نے نوجوان کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی حکومت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے مقبوضہ میں کشت و خون کا سلسلہ جاری ہے ۔ترجمان نے کہا کہ طاقت کے بل پر کسی قوم کی تحریک آزادی کو وقتی طور پر تو دبایا جاسکتا ہے لیکن اسے ختم نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے شہید زاہد،شہید اسحاق اور شہید اشرف احمد کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ادا کرتے کہا کہ کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔