یو ایس ایڈ لڑکیوں اور خواتین کو تعلیم اور کام کے مساوی مواقع کی فراہمی کے لئے کام کر رہا ہے، مشن ڈائریکٹر جیری بسن

جمعرات 10 اگست 2017 18:05

یو ایس ایڈ لڑکیوں اور خواتین کو تعلیم اور کام کے مساوی مواقع کی فراہمی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2017ء) امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے مشن ڈائریکٹر جیری بسن نے کہا ہے کہ یو ایس ایڈ لڑکیوں اور خواتین کے لئے تعلیم اور کام کے مساوی مواقع کی فراہمی کے لئے کام کر رہا ہے، کامیابی کے لئے ایک واضح راستے کے بغیر لڑکیوں اور ان کے خاندانوں کو اس بات پر قائل کرنا مشکل ہوجاتا ہے کہ تعلیم اٴْن کے مستقبل کے لئے اہم ہے۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں یو ایس ایڈ کے فنڈ سے چلنے والے ٹریننگ فار پاکستان پراجیکٹ کے تعاون سے منعقدہ ایک پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔حکومتِ امریکہ نے تعلیم، معاشی سرگرمیوں میں شرکت اور صنفی مساوات کے متعلق ایک پینل مباحثے کے دوران پاکستانی خواتین کے لئے ترقی کے مواقع بڑھانے کے عزم کا اظہارکیا۔

(جاری ہے)

پینل مباحثے کی میزبانی کے فرائض یو ایس ایڈ کے تعاون سے چلنے والے پاتھ ویز ٹو سکسیس نیشنل مینٹورنگ پروگرام کی رابطہ کار منیزہ ہاشمی نے کی جبکہ پینل کے شرکاء میں معروف مصور اور فنکار سلیم ہاشمی، مقرر اور پریزنٹر تنزیلہ خان، ٹی وی فنکارہ سیمی راحیل، سماجی کارکن اور بیوٹیشن مسرت مصباح اور ماہر قانون و انسانی حقوق کی کارکن رخشندہ ناز شامل تھیں۔

اطلاعات ٹیکنالوجی، کاروبار، قانون، مائیکرو فائنانس، بینکنگ، درس و تدریس، فنون، کھیلوں اور ذرائع ابلاغ کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی تیس سے زائد کامیاب اور معروف خواتین نے یو ایس ایڈ کے تعاون سے جاری رہنمائی پروگرام کے تحت تین سو لڑکیوں کے لئے ایک قومی رہنمائی نیٹ ورک میں شرکت کے لئے اپنی خدمات پیش کی ہیں۔ ٹریننگ فار پاکستان منصوبہ ایک کثیر سالہ پروگرام ہے جس کا مقصد تعلیم، توانائی، معاشی ترقی و زراعت، صحت و استحکام اور نظم و نسق کے شعبوں میں تربیت فراہم کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :