جرمن ڈاکٹر رتھ فائو کے انتقال پر ڈاکٹر محمد فاروق ستار کااظہار تعزیت

ڈاکٹر رتھ فائو مرحومہ عظیم شخصیت تھیں ، اپنے مشن و مقصد کیلئے مرحومہ نے اپنی پوری زندگی وقف کردی، سربراہ ایم کیو ایم پاکستان

جمعرات 10 اگست 2017 21:40

جرمن ڈاکٹر رتھ فائو کے انتقال پر ڈاکٹر محمد فاروق ستار کااظہار تعزیت
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2017ء) متحدہ قومی موومنٹ(پاکستان ) کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے جرمن ڈاکٹر رتھ فائو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر رتھ فائو کی پاکستان میں جذام کے مریضوں کے علاج اور اس بیماری پر قابو پانے کیلئے کوششیں ناقابل فراموش ہیں اور ان کی 50سالہ خدمات پر مرحومہ کو جس قدر بھی خراج عقیدت پیش کیاجائے کم ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر رتھ فائو نے پاکستان کے عوام کی جس طرح سے زندگی بھر خدمت کی اس پر ہر پاکستانی مرحومہ کو ہمیشہ یاد رکھے گا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر رتھ فائو کی خدمات کو سہرانا اور اس کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں نشان قائد اعظم ، ہلال پاکستان ، ہلال امتیاز اور متعدد اعتزازات سے نوازنا اس بات کا اعتراف ہے کہ ڈاکٹر رتھ فائو مرحومہ عظیم شخصیت تھیں اور اپنے مشن و مقصد کیلئے مرحومہ نے اپنی پوری زندگی وقف کردی ۔ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے مرحومہ کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار انہیں صبر کی تلقین کی اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان مرحومہ کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔