پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز میں پاکستانی پارلیمنٹ کے 70 سال کے حوالے سے دو روزہ کانفرنس شروع

،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سابق سپیکر فخر امام، اور سابق سپیکر گوہر ایوب خان مہمان خصوصی تھے، کیک بھی کاٹا گیا

جمعرات 10 اگست 2017 23:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2017ء) یوم آزادی کے موقع پر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز میں پاکستان کی پارلیمٹ کے 70 سال کے حوالے سے دو روزہ کانفرنس شروع ہو گئی۔ جمعرات کو پپس میں منعقدہ افتتاحی تقریب کے موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سابق سپیکر قومی اسمبلی فخر امام، اور سابق سپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب خان مہمان خصوصی تھے۔

پاکستان کی پارلیمنٹ کی 70 سالہ تقریبات کے حوالے سے اس موقع پر کیک کاٹا گیا، جس میں مہمان خصوصی کے علاوہ دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی فخر امام نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اپنے دور میں بطور سپیکر دی گئی اہم رولنگ کا حوالہ دیا اور ڈکٹیٹر شپ کے خلاف اپنے اقدامات کے حوالے سے تفصیل سے روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

سابق سپیکر گوہر ایوب خان نے بھی بطور سپیکر اپنے تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے فیصلوں اور قانون سازی سے جمہوری اور آئینی استحکام میں مدد ملتی ہے، پارلیمانی امور میں وقت کے ساتھ ساتھ بہتری آ رہی ہے، جس سے ملک میں اداروں اور جمہوریت پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے پاکستان کی پہلی قانون ساز اسمبلی کے کردار پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سابق سپیکرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے 70 سالہ طویل پارلیمانی سفر کے موقع پر انہوں نے اپنا قیمتی وقت دیا، جس کیلئے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ سپیکر نے ایوان کسٹوڈین کی حیثیت سے بعض اوقات درپیش چیلنجز اور مشکلات کا بھی ذکر کیا۔

سردار ایاز صادق نے اس طرح کی تقریبات کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سابق سپیکروں کو اس طرح کی تقریبات میں اپنے تجربات اور اقدامات کے حوالے سے آگاہ کرنا چاہیے تاکہ پارلیمنٹ کی تاریخ بہتر انداز میں رقم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹیوں کے کردار میں بہتری آئی ہے تاہم اس حوالے سے اور بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ملک کی 17 یونیورسٹیوں میں پارلیمنٹری سٹڈیز کے حوالے سے اپنے اقدامات کا حوالہ دیا اور کہا کہ ہمیں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے تعلیم کے حوالے سے فرمودات کو اپنا آئیڈیل بنانا چاہیے۔ دو روزہ کانفرنس کا اختتامی سیشن آج جمعہ کو ہوگا، جس سے چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی خطاب کریں گے۔