حریت کانفرنس کا شہید کشمیری نوجوانوں زاہد احمد بٹ ، اشتیاق احمد ، محمد اشرف ڈار اور محمد یونس شیخ کو خراج عقیدت

جمعہ 11 اگست 2017 11:31

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے ترال میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے تین کشمیری نوجوانوںاور سولہ سالہ محمد یونس کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ شہداکے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجما ن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیری شہداء بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کر ر ہے ہیں اور انہوں نے شہداء کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔

انہوںنے کہاکہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

حریت چیئرمین سیدعلی گیلانی کی ہدایت پر تحریک حریت کا ایک وفدنودل ترال، بٹہ گنڈ، سیموہ اور فرصل پلوامہ گیا ۔وفد میں بشیر احمد قریشی اور دیگر کارکن شامل تھے جنہوںنے سیدعلی گیلانی کی طر ف سے شہداء کے اہلخانہ سے تعزیت کا پیغام پہنچایا۔ بشیر احمد نے شہید زاہد احمد کی نماز جنازہ کی امامت کی۔

حریت ترجمان نے واضح کیاکہ حقائق سے نظریں چرانے کی پالیسی سے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل میں کوئی مدد نہیں مل سکتی ہے ۔انہوںنے واضح کیاکہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و سلامتی کیلئے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا دیرپاحل ناگزیر ہے ۔ ترجمان نے افسوس ظاہر کیاکہ بھارت کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے نہتے کشمیریوں کو ظلم وتشدد اور قتل عام جبکہ خواتین کی بے حرمتی کو ایک جنگی ہتھیار کے طورپر استعمال کر رہا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں بالعموم اور جنوبی کشمیر بالخصوص بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالیاں جاری ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر کوئی سرحدی تنازعہ نہیں بلکہ ایک کروڑ تیس لاکھ سے زائد کشمیریوں کے سیاسی مستقبل اور حق خودارادیت کا مسئلہ ہے ۔ حریت کانفرنس نے اقوامِ عالم سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام کی نسل کشیُ، خوف ودہشت، پیلٹ گن اور ظلم و تشددمیں ملوث بھارتی فوجیوںکو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیںتاکہ مقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرائی جاسکیں۔

واضح رہے کہ بھارتی فوجیوںنے بدھ کے روز ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران زاہد احمد بٹ ، اشتیاق احمد ، محمد اشرف ڈار اور کشمیری لڑکے محمد یونس شیخ کوشہید کردیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :