کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کا شیخ عبدالعزیز کو خراج عقیدت

شہداء کی قربانیوں کو ہرگز فراموش نہیں کیا جائے گا۔ مقررین

جمعہ 11 اگست 2017 15:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2017ء) اسلام آ باد 11اگست (کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ نے ممتاز حریت رہنما شیخ عبدالعزیز کو انکی شہادت کی 9ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے شیخ عبدالعزیز کی شہادت کی برسی پر ’’تحریک آزادی کشمیر اور شہادتوں کا سفر‘‘ کے عنوان سے اسلام آباد میں ایک کانفرنس کا انعقاد کیا۔

کانفرنس کی صدرات کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کی۔ کانفرنس کے مقررین نے شہید رہنما کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیخ عبدالعزیز تحریک آزادی کشمیر میں انتہائی اخلاس اور عزم کیساتھ کام کرتے رہے اور وفاداری اور وفاشعاری کا ایک لازوال مظاہرہ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہید نے نہ صرف سیاسی او ر عسکری محاذ پر خدمات انجام دیں بلکہ وہ حریت تنظیموں کے درمیان اتحاد او ر ہم آہنگی کے لیے بھی پیش پیش رہے۔

مقررین نے کہا کہ اپنا آج قوم کے روشن مستقبل کے لیے قربان کرنے والے کشمیری شہداء کو نہ تو فراموش کیا جائے گا اورنہ کسی کو ان کی قربانیوں سے کھلواڑ کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ انہوںنے تحریک آزادی کو تمام تر مشکلات کے باوجود جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ مقررین نے واضح کیا کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے قیام کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔یاد رہے کہ بھارتی فوجیوں نے شیخ عبدالعزیز کو 11اگست2008کو اس وقت گولی مار کر شہید کر دیا تھا جب وہ جموںکے ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے مقبوضہ وادی کے معاشی بائیکاٹ کے خلاف سرینگر سے کنٹرول لائن کی طرف ایک مارچ کی قیادت کر رہے تھے۔

متعلقہ عنوان :