نواز شریف عوام کو اداروں کیخلاف کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ،

مسلم لیگ کے چند ہزار کارکنوں کے سوا پوری قوم نے شریف برادران کو مسترد کر دیا ہے، صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان کی عوامی وفود سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 11 اگست 2017 20:31

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اگست2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور آبنوشی شاہ فرمان نے کہا ہے نواز شریف عوام کو اداروں کے خلاف کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن مسلم لیگ کے چند ہزار کارکنوں کے سوا پوری قوم نے شریف برادران کو مسترد کر دیا ہے، شریف برادران کی کرپشن کے مقدمات کی وجہ سے ٹانگیں کانپ رہی ہیں اور وہ حواس باختہ ہو چکے ہیں۔

وہ بروز جمعہ عوامی وفود سے ملاقات کے دوران صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ طاقت کے نشہ میں چور نواز شریف اب عوام کے پیچھے چھپنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے، مسلم لیگ نواز کی تاریخ گواہ ہے کہ ان لوگوں نے ہمیشہ ملک کے باوقار اداروں کی تذلیل کی ہے، انہوں نے کہا کہ ہر جلسہ، دھرنا یا ریلی کے پیچھے کوئی نہ کوئی مقصد ہوتا ہے لیکن نواز شریف کی تاحیات نااہلی کی بارات نکالنے کا مقصد سمجھ نہیں آ رہا ہے، نواز شریف نے اپنے کارکنوں سے خطاب کے دوران ملک کے اداروں پر ایک بار پھر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی ہے لیکن نواز شریف کو اب اپنے منطقی انجام تک پہنچنے سے کوئی نہیں بچا سکتا ہے، شریف برادران کا اب آخری ٹھکانہ جیل کی کوٹھڑی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر اطلاعات نے شاہی سواری کی زد میں آ کر معصوم بچے کے جاں بحق ہونے پر دلی رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شریف برادران نے ہمیشہ اپنی ذات کو مقدم رکھا ہے، معصوم بچے کی ہلاکت پر لیگی قیادت کو شرم سے ڈوب مرنا چاہئیے اور جاں بحق بچے کا مقدمہ نواز شریف پر درج ہونا چاہئے۔