قوم نے میاں نواز شریف کا والہانہ استقبال کرکے سابق وزیراعظم کی نا اہلی قبول نہیں کا اپنا فیصلہ سنا دیا ہے ،چوہدری افتخار احمد وارثی

جمعہ 11 اگست 2017 21:56

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اگست2017ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری افتخار احمد وارثی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد قوم نے بھی اپنا فیصلہ سنا دیا ہے جس نے میاں نواز شریف کا والہانہ استقبال کرکے ثابت کر دیا ہے کہ ملک و قوم کے مسائل کو حل کرنے والے نواز شریف کی نا اہلی قبول نہیں ۔ وہ بروز جمعہ اپنے حلقہ انتخاب کی مختلف یونین کونسلوں میں عوامی وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گوجر خان کے عوام نے اپنے محبوب قائد کے لئے دیدہ و دل فرش راہ کرکے ثابت کیا کہ گوجر خان مسلم لیگ ن کی ناقابل تسخیر قلعہ ہے ․ انہو ںنے کہا کہ میاں نواز شریف کو نا اہل قرار دلوانا ملک اور قوم کے خلاف ایک سازش ہے جسے عوام نے قبول نہیں کیا ․ افتخار احمد وارثی نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن مخالف سیاسی جماعتوں سمیت تمام جانب سے ہونے والی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اور عوام کے مسائل کو حل کرنے کی راہ سے پیچھے نہیں ہٹے گی ․ انہوں نے کہا کہ ہماری عملی خدمت کی سیاست کی پاکستان کی پوری تاریخ میں کوئی دوسری نظیر نہیں ملتی ․ اسی وجہ سے عوام نے جی ٹی روڈ پر جگہ جگہ اپنے محبوب قائد کا والہانہ استقبال کیا ․ انہو ںنے کہا کہ یہ کرائے کے یا زبر دستی بلائے گئے لوگ نہیں تھے بلکہ ایک جنون کی طرح لوگ جوق در جوق میاں نواز شریف کا استقبال کر رہے ہیں ․ انہوں نے کہا کہ آنے والے الیکشن میں میاں نواز شریف کو عوام کا پہلے سے زیادہ اور بڑا مینڈیٹ ملے گا ․