ْسینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے ارکان 16اگست کو جی ایچ کیو کا دورہ ،آمی چیف سے ملاقات کریںگے

کمیٹی کے ایل او سی اور شمالی وزیرستان کے 3روزہ دورے کو حتمی شکل دے دی گئی،وزارت دفاع کی طرف سے انتظامات ، وزیر دفاع کوبھی آگاہ کر دیا گیا

جمعہ 11 اگست 2017 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اگست2017ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اراکین 16اگست کو جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کریںگے، اسی طرح کمیٹی کے ایل او سی اور شمالی وزیرستان کے 3روزہ دورے کو حتمی شکل دے دی گئی، اعلیٰ فوجی حکام کی مشاورت سے اس دورے کو حتمی شکل دی گئی ہے، وزارت دفاع کی طرف سے انتظامات شروع کر دیئے گئے ہیں، وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر کو کمیٹی کے اس 3روزہ دورے سے آگاہ کر دیا گیا ہے، سیکرٹری دفاع اراکین کے ہمراہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق دہشت گردی و شدت پسندی کے خلاف مسلح افواج کے ساتھ اس کی عظیم قربانیوں کے حوالے سے بھرپور اظہار یکجہتی کیلئے سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے مختلف مقامات کے 3روزہ دورے کو حتمی شکل دی گئی ہے، 16اگست کو قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اراکین جی ایچ کیو کا دورہ کریں گے،کمیٹی اراکین کو مشرقی و مغربی سرحدوں کی صورتحال بارے بریفنگ دی جائے گی، اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقات ہو گی اور ان کے ہمراہ کمیٹی اراکین یادگار شہداء پر پھول چڑھائیں گے، دہشت گردی کے خلاف آپریشن رد الفساد کی کامیابیوں کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی، جوانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 17اگست کو کمیٹی کے اراکین آزاد کشمیر میں چکوٹھی کے مقام پر لائن آف کنٹرول کا دورہ کریں گے، بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والے متاثرہ علاقوں کا دورہ اور وہاں کی مقامی آبادی سے ملاقاتوں کا امکان ہے،چکوٹھی بٹالین ہیڈکوارٹرز کی طرف سے کمیٹی اراکین کو بھارت کی طرف سے تسلسل سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کے واقعات سے آگاہ کیا جائے گا،18اگست کو خصوصی انتظامات کے تحت قائمہ کمیٹی دفاع کے اراکین شمالی وزیرستان کا دورہ کریں گے اور وہاں پاک فوج کی بھرپور معاونت سے تعمیر نوکے کاموں کا جائزہ لیں گے، اراکین کو علاقے میںصحت، تعلیم ، آب نوشی، مواصلات کے جدید منصوبوں کے بارے میں نا صرف بریفنگ دی جائے گی بلکہ ان کا معائنہ بھی کروایا جائے گا، وزیرستان میں قائمہ کمیٹی کے اراکین پاک فوج کے جوانوں سے ملیں گے اور بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔