لاہور، نظریہ پاکستان بقائے پاکستان کے لیے بہت ضروری ہے، ابو الہاشم ربانی

ملک کو اسلام کا گہوراہ بنایا جائے تاکہ مقصد پاکستان حاصل ہوسکے، راہنماء جماعة الدعوة

جمعہ 11 اگست 2017 22:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2017ء) جماعة الدعوة لاہور کے مسئول ابو الہاشم ربانی نے کہا ہے کہ نظریہ پاکستان بقائے پاکستان کے لیے بہت ضروری ہے۔ پاکستان بناتے وقت جو عہد اللہ سے کیا گیا تھا اسے پورا کرنا بہت ضروری ہے۔ ملک کو اسلام کا گہوراہ بنایا جائے تاکہ مقصد پاکستان حاصل ہوسکے۔ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا اور پاکستان کی شہ رگ ہے۔

کشمیرکی آزادی دراصل تکمیل پاکستان ہے۔انڈیا نے ستر سالوں میں جو پاکستان کو زخم لگائے ہیں قوم اس کا بدلہ لینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ وہ جامع مسجد الرحیم باغبانپورہ میں خطبہ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ جہاں بڑی تعداد میں لوگوں نے ان کی امامت میں نماز جمعہ بھی ادا کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے حاصل کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

اس کی تکمیل کے لیے کشمیری کی آزادی انتہائی ضروری ہے۔ آزادی کی قدروقیمت کشمیر، فلسطین اور برماسمیت درجنوں ممالک میں موجود مظلوم مسلمانوں سے پوچھیں ابو الہاشم ربانی نے کہا کہ شہ رگ کشمیر چھڑائے بغیر پاکستان مکمل نہیں ہے۔ بھارت طاقت اور دھونس کے بل بوتے پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی دبانے میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ کشمیریوں سے ہمارے رشتے کلمے کی بنیاد پر ہیں اور ہم پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کی ہر طرح کی مدد کو ہر صورت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان او رکشمیریوں کی آواز بننے کے جرم میں حافظ سعید کو پابند سلاسل کیا گیا ہے۔ ان کی نظر بندی کو فوری ختم کر کے کشمیریوں کو مثبت پیغام دیا جائے تاکہ اُن کا اعتماد اور بھی مضبوط ہوسکے۔