حریت کانفرنس کی سید علی گیلانی ، میر واعظ کی گھر میں نظر بندی ،نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنے کی شدید مذمت

انتظامیہ اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیر ی حریت قیادت کے حوصلے پست نہیں کر سکتی،ترجمان

ہفتہ 12 اگست 2017 15:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اپنے چیئرمین سید سید علی گیلانی کی گھر میں مسلسل نظر بندی اور انہیں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنے کے کٹھ پتلی انتظامیہ کے مذموم اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ سید علی گیلانی 2010 سے سرینگر میںاپنے گھر میں نظربند ہیں اور انہیں جمعہ کی نماز پڑھنے کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی۔

ترجمان نے کہا کہ سید علی گیلانی کی نظر بند ی ختم کیے جانے کے کوئی آثار نہیں دکھائی دے رہے اور افسوسناک بات یہ ہے کہ انتظامیہ آج تک حریت چیئرمین کی نظر بندی کا کوئی جواز پیش نہیں کر سکی ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا قابض انتظامیہ نے حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کوبھی جمعہ کو گھر میں نظر بند رکھ کو انہیں ایک بار پھر نماز جمعہ ادا کرنے سے روکا ۔

فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں میر واعظ کی نظر بند ی اور انہیں جمعہ کی نماز ادا کرنے سے روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیر ی حریت قیادت کے حوصلے ہرگز پست نہیں کر سکتی۔ترجمان نے کہا کہ قابض انتظامیہ نے کشمیریوں کے سیاسی اور معاشرتی کے ساتھ ساتھ مذہبی حقوق بھی سلب کر رکھے ہیں۔